اٹک،عوام نے ووٹ دے کر مجھے اس قابل سمجھا کہ میں ان کی خدمت کر سکتا ہوں ،عوام کو ہرگز مایوس نہیں کروں گا، ناصر محمود شیخ

جمعہ 13 جنوری 2017 15:27

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) چیئرمین میونسپل کمیٹی اٹک ناصر محمود شیخ نے کہا ہے کہ عوام نے ووٹ دے کر مجھے اس قابل سمجھا کہ میں ان کی خدمت کر سکتا ہوں تو میں عوام کو ہرگز مایوس نہیں کروں گا، میں اس بلدیہ کو بلدیہ نہیں سمجھتا جو لوگوں کو پینے کا صاف پانی، سیوریج اور صفائی کی سہولیات مہیا نہ کر سکے ۔اپنے وسائل میں رہ کر جہاں تک ممکن ہو گا عوام کے مسائل حل کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سٹی صدر مسلم لیگ ن شیخ غلام صمدانی، حاجی سیف الرحمان، شیخ ظہور الٰہی اور جاوید اقبال بھی موجود تھے۔ ناصر محمود شیخ نے کہا کہ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے سے اگلے دن ہی میں نے اٹک کے تمام وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں بلدیہ کی کوتاہیوں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

فنڈز ریلیز ہوتے ہی ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میری ترجیحات میں سب سے پہلے شہر میں موجود تجاوزات کا خاتمہ ہے تا کہ ٹریفک مسائل کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں اور خریداروں کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔انہوں نے کہاکہ پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے پارکنگ کے لیے عارضی طور پر ہم پاشا پٹرول پمپ کے عقب میں جگہ مہیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اس سلسلے میں اندرونِ شہر پارکنگ لائن کے نشانات دیئے جائیں گے تاکہ کوئی بھی شخص غلط پارکنگ کر کے دوسروں کے لیے مسائل پیدا نہ کر ے۔

انہوں نے ریڑھی بانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور ان کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کیا جائے گا جہاں وہ دن بھر اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکیں گے انہیں شہر میں گھوم پھر کر اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس ضمن میں بلدیہ کے عملے میں سے 2 شفٹوں کی ڈیوٹی لگائی جائے گی تا کہ وہ ریڑھی بانوں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے سے باز رکھیں۔

متعلقہ عنوان :