آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 92 رنز سے ہر کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

پاکستانی ٹیم 269 رنز کے تعاقب میں 176 رنز پر ڈھیر، جیمز فوکنر نے 4 پیٹ کمنز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، میتھیو ویڈ کو ناقابل شکست سنچری بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا

جمعہ 13 جنوری 2017 16:28

برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو 92 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، میتھیو ویڈ کی شاندار سنچری کی بدولت کینگروز نے گرین شرٹس کو جیت کیلئے 269 رنز کا ہدف دیا، پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 176 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بابر اعظم 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جیمز فوکنر نے 4 اور پیٹ کمنز نے 3 وکٹیں حاصل کیں، میتھیو ویڈ کو 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں برسبین کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا اور پہلے پانچ مستند بلے باز 78 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے، ڈیوڈ وارنر 7 اور کپتان سٹیون سمتھ بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کا نشانہ بنے۔

(جاری ہے)

ڈیبیو میچ کھیلنے والے کرس لینن 16 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے، تراوس ہیڈ 39 اور مچل مارش 4 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، دونوں کو عماد وسیم نے آئوٹ کیا، اس موقع پر گلین میکسویل اور میتھیو ویڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 82 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 160 تک پہنچا دیا، گلین میکسویل نے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، انہیں حسن علی نے آئوٹ کیا۔

میتھیو ویڈ نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 100 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری ہے، اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے، حسن علی نے تین جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.4 اوورز میں 176 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اظہر علی اور شرجیل خان نے 38 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 18 رنز بنانے کے بعد جیمز فوکنر کی گیند پر میکسویل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اسی اوور میں اظہر علی انجری کی وجہ سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔

جیمز فوکنر نے اپنے اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ کو چار کے انفرادی سکور پر آئوٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، 79 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی جب عمر اکمل 17 رنز بنانے کے بعد مچل سٹارک کی گیند پر تراوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ بابر اعظم پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 33 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 21 ، عماد وسیم 29 ، اظہر علی 24 ، محمد عامر 8 اور وہاب ریاض 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ جیمز فوکنر نے چار، پیٹ کمنز نے تین، مچل سٹارک نے دو اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میتھیو ویڈ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :