ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو ایک بار پھر دھچکا

ویسٹ انڈیز کرکٹ بور ڈ نے 2ٹی 20میچز کیلئے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا کیربئین بورڈنے فیکا کی جانب سے مخدوش سکیورٹی صورتحال رپورٹ پر پی سی بی کی تجویز مسترد کردی

جمعہ 13 جنوری 2017 18:05

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو ایک بار پھر دھچکا
بارباڈوس،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے مارچ کے وسط میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے پاکستان کے مجوزہ دورے سے انکار کردیا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیو آئی سی بی) نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسویسی ایشن (فیکا) کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی کو مخدوش قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تجویز کو مسترد کیا۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے مجوزہ دورے کے سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے رواں ماہ اپنی معائنہ ٹیم بھی پاکستان بھیجنے کے امکان کو رد کردیا۔تاہم دونوں کرکٹ بورڈز 19 اور 20 مارچ کو فلوریڈا میں 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے ممکنہ انعقاد کے لیے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔قبل ازیں رواں ہفتے ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن نے فیکا کو خط لکھا تھا، جس میں پاکستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائس طلب کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

فیکا نے خط کے جواب میں اپنے سیکیورٹی کنسلٹنٹ ’ایسٹرن اسٹار انٹرنیشنل‘ سے حاصل ہونے والی حالیہ سیکیورٹی ایڈوائزری بھیجی، جو انگلش کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) کے لیے بھی سیکیورٹی فراہم کرتی ہے۔قبل ازیں پلیئرز کے تحفظ اور سیکیورٹی کے حوالے سے بھی فیکا کی رپورٹ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں 5 مارچ کو شیڈول فائنل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کی حوصلہ شکنی کی گئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو فلوریڈا میں 2 میچز کے بعد لاہور میں 18 اور 19 مارچ کو دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی تجویز دی گئی تھی۔