وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو سے چائنا ریلوے ایئرکنسٹرکشن گروپ کے وفد کی ملاقات

سندھ حکومت کی جانب سے ملیر ندی پر لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے کیے گئے اظہار دلچسپی پر بات چیت

جمعہ 13 جنوری 2017 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو سے جمعہ کے روز چائنا ریلوے ائیر کنسٹریکشن گروپ (CRACG) اور پاکستانی کمپنی انٹرایکٹیو گروپ ٹیم کے وفد نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ حکومت کی جانب سے ملیر ندی پر لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے دئیے گئے اظہار دلچسپی پر مکمل بات چیت ہوئی۔

چائنا کی کمپنی کے وفد نے صوبائی وزیر بلدیات کو چائنا سمیت دیگر ممالک میں اپنی کمپنی کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ایکسپریس وے سمیت دیگر منصوبوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کی کمپنی نے کئی ممالک میں اس طرح کے ایکسپریس وے کو BOT اور دیگر بنیادوں پر تعمیر کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ نے وفد کے ارکان کا پاکستان اور بالخصوص صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک چین دوستی اور چین کی جانب سے پاکستان کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ، تجارتی و کاروباری اور دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ملیر ندی پر لیاری ایکسپریس وے کے طرز پر ایکسپریس وے کی تعمیر کے حوالے سے مکمل بریفنگ حاصل کی اور کہا کہ یہ ایکسپریس وے BOT کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ اور جلد ریلیف حاصل ہو سکے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کو مکمل بریف دے کر اس منصوبے کو جلد سے جلد شروع کرنے پر زور دیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر پروجیکٹ ڈائیریکٹر ملیر ایکسپریس وے کو ہدایات دیں کہ وہ تمام فزیبلٹی کو چائنا کی مذکورہ کمپنی کے ساتھ بیٹھ کر مکمل کرکے اس کی رپورٹ انہیں پیش کریں تاکہ اس منصوبے کا جلد سے جلد آغاز ہوسکے۔ بعد ازاں چائنا کے وفد نے صوبائی وزیر کو تحائف پیش کئے جبکہ صوبائی وزیر نے وفد کو سندھ کے روائتی تحائف پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :