آزادکشمیر کے اندر شجر کاری میں تمام سرکاری وغیر سرکاری ادارہ جات بھرپور حصہ لیں، راجہ فاروق حیدر

عوام ،جماعتی کارکنان اس میں اپنا حصہ ڈالیں،زلزلہ سے ہونیوالے تعمیراتی نقصانات کی بحالی کیلئے تو کام کیا گیا مگر ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا ،ریاست کے وسائل عوام کی ملکیت ،حکومت ان کی محافظ ہے،ذاتی مفاد کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی ذات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا ناقابل مذمت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 13 جنوری 2017 18:28

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اندر اس سال شجر کاری میں تمام سرکاری وغیر سرکاری ادارہ جات بھرپور حصہ لیں۔عوام بالخصوص جماعتی کارکنان اس میں اپنا حصہ ڈالیں۔زلزلہ سے ہونے والے تعمیراتی نقصانات کی بحالی کے لیے تو کام کیا گیا لیکن ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا امسال جہاں جہاں زلزلہ کے بعد شجرکاری نہیں ہوئی وہاں کی جائے۔

لینڈ سلائیڈنگ ایریاز پر توجہ دی جائے۔ ریاست کے سارے وسائل عوام کی ملکیت اور حکومت ان کی محافظ اورانہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمربستہ ہے حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض کی ادائیگی پر بھی توجہ دی جائے۔ پاکستان میں جاریہ سیاست مثبت نہیں ۔

(جاری ہے)

جمہوریت ملکی مفاد اور عوامی حقوق کا خیال نہیں رکھا جا رہا ۔ محض ذاتی مفاد کے لیئے میاں محمد نواز شریف کی ذات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے ۔

آج بعض لوگ میاں محمد نواز شریف کو نہیں بلکہ ملک کو کمزور کر رہے ہیں سیاست ہر کسی کا حق ہے لیکن قومی سلامتی اورملکی مفاد کا تحفظ مقدم رکھا جانا چاہے ن لیگ کے مخالفین تمام تر منفی حربوں کے باوجود وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن 2018کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی ۔ مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لیئے بحیثیت جماعت ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

آزاد کشمیر میں جو جماعتیں الائنس بنانا چاہتی ہیں وہ اپنا بھر پور شوق پورا کرلیں۔ اپوزیشن کو عدالتی احکامات پر فارغ ہونے والے ملازمین کے معاملے پر تنقید زیب نہیں دیتی ۔ آزادکشمیر میںجو لوگ پبلک سروس کمیشن کے بغیر بھرتی ہوئے ان سے متعلق کمیٹی بنا رہے ہیں اور اس معاملے پر میرٹ و انسانی ہمدردی دونوں کو دیکھیں گے۔ آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کی تعمیر نو وتکمیل کے لیئے وفاق مطلوبہ فنڈز مہیا کرے گا۔

اس سلسلہ میں وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت میں ایراء کا اعلیٰ سطحی اجلاس جلد منعقد ہو گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر وزیراعظم سیکرٹریٹ اور وزیراعظم ہائوس میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ غلط طریقے سے تعینات کیے گئے ہیں ان کو درست کرینگے، انہوں نے کہا کہ میر پور کے مسائل ذاتی دلچسپی لے کر حل کرونگا۔

فروری میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا میرپور میں جسلہ ہو گا۔ جب میرپور ڈوب رہا تھا تو اسوقت میں میر پور کے عوام کے ساتھ کھڑا تھا اور آج جنہیں میر پور کے عوام کی یاد ستانے لگی ہے وہ اس مشکل وقت پر غائب تھے ۔ آزاد کشمیر کے اندر تفریق پیدا کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طر ف سے آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی ، خوشحالی اور ریاستی عوام کے وسیع تر مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات کابھر پورخیرمقدم کرتے ہیں۔

آزاد کشمیر میں آئینی اصلاحات سے ریاستی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گا۔ اور اہل کشمیر وپاکستان کے درمیان نظریاتی رشتے مزید مستحکم ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔ تعلیمی پیکیج سمیت دیگر ایشوز پر جو مقدمات اعلیٰ عدلیہ میں زیر کار ہیں ان مقدمات میں حکومت اپنا موقف پیش کرے گی ۔ عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کیا جائے گا اور عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔