سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا چائلڈ لیبر اورزہر یلی شراب کی روک تھا م کیلئے سخت قانون سازی کر نے کے عزم کا اظہار

ملک بھر میں چائلڈ لیبر قانون کے تحت رجسٹرڈ مقدمات اور کاروائیوں کی تفصیلات کے ہمراہ ملک بھر کے تمام ریجنل پولیس افسران کی آئندہ اجلاس میں طلبی کمیٹی نے وزارت قانون سے زہریلی شراب بنانے والوں کیخلاف پہلے سے موجود قانون کی تفصیلات مانگ لیں ، نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خاتمے اورا نکے خلاف سخت سزائوں کیلئے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی بھی ہدایت

جمعہ 13 جنوری 2017 19:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے چائلڈ لیبر اورزہر یلی شراب کی روک تھا م کیلئے سخت قانون سازی کر نے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں چائلڈ لیبر قانون کے تحت رجسٹرڈ مقدمات اور ان کیخلاف کی جانے والی کاروائیوں کی تفصیلات کے ہمراہ ملک بھر کے تمام ریجنل پولیس آفیسرز کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا ۔

کمیٹی نے وزارت قانون سے زہریلی شراب بنانے والوں کیخلاف پہلے سے موجود قانون کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کمیٹی نے نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خاتمے اورا نکے خلاف سخت سزائوں کیلئے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی بھی ہدایت کر دی۔جمعہ کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیٹی ممبران کے علاوہ سیکرٹری داخلہ ،ڈی جی نادرااور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی نادرا نے کہا کہ ملک بھر میں نادرا کے 550دفاتر کام کر رہے ہیں ،انگلینڈ میں پاکستانیوں کے لئے سینٹرز ہیں جبکہ امریکہ اور کینڈا میں شناختی کارڈ کے لئے آن لائن سسٹم وضع کیا ہے ، بیرون ملک رہنے والوں کیلئے نادرا کا آن لائن سسٹم بہت کامیاب کام کر رہا ہے مگر پاکستانیوں کو آن لائن سسٹم میں کوائف جمع کروانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی بڑی وجہ کم تعلیمی یافتہ ہونا ہے ۔

ڈی جی پاسپورٹ نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ گزشتہ18ماہ میں 68نئے ریجنل دفاتر اور 53فارن مشنز شروع کئے ہیں ،2015-16میں 40.5ملین پاسپورٹ بنائے گئے جو گزشتہ سال کی نسبت13فیصد زیادہ تھے ۔2016میں ادارے نے 20.8ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول میں آسانی کے لئے ملک کے 15بڑے شہروں میں نیشنل بینک کی 240برانچوں میں پاسپورٹ فیس جمع کرانے کی سہولت دی گئی ہے ، ملک بھر میں نیشنل بینک کی 60ہزار برانچوں میں پاسپورٹ کے حصول کے لئے فیس جمع کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر ماہ ادارے کی جانب سے 2سی3لاکھ ایس ایم ایس بھیجے جاتے ہیں جن میں سے 25سی30ہزار لوگ جواب دیتے ہیں ۔لوگوں کی شکایات پر 50ریجنل آفیسرز کو نکالا جا چکا ہے ۔اس موقع پر کمیٹی نے نادرا اور پاسپورٹ حکام کو ہدایت کی کہ نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کے باہر ایجنٹ مافیا کے خاتمے کے لئے متعلقہ قوانین میں ترمیم کی جائے اور ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت سے سخت سزائیں تجویز کی جائیں تاکہ اس لعنت سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے ۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نی10سالہ طیبہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 10سالہ معصوم بچی پر تشدد ظلم کی انتہا ہے ،امید ہے سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد طیبہ کو انصاف ملے گا، چائلڈ لیبر غیر قانونی ہے اس کی روک تھام کے لئے سخت قانون سازی کر رہے ہیں ۔کمیٹی نے اس موقع پر ملک بھر میں چائلڈ لیبر کے تحت رجسٹرڈ مقدمات اور ان کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام ریجنل پولیس آفیسرز کو آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا ۔کمیٹی میں زہریلی شراب بنانے والوں کے خلاف بھی قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے وزارت قانون سے آئندہ اجلاس میں پہلے سے موجود قانون کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں طلب کرلیں۔(رڈ)

متعلقہ عنوان :