ایس ای سی پی کی جانب سے اوپن اینڈ ایکویٹی فنڈز میں لکویڈٹی رسک مینجمنٹ بہتر کرنے کیلئے متعدد اقدامات تجویز

جمعہ 13 جنوری 2017 20:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے میوچل فنڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان سے مشاورت کے بعد اوپن اینڈ ایکویٹی فنڈز میں لکویڈٹی رسک مینجمنٹ بہتر کرنے کیلئے متعدد اقدامات تجویز کئے ہیں۔ نئے مطلوبات کے مطابق تمام ایکویٹی فنڈز اور فنڈز آف فنڈز کے لئے لازم ہوگا کہ وہ کم از کم پانچ فیصد اثاثے کیش یا کیش کے مساوی رکھیں تاکہ لکویڈٹی کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

تمام ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں ان مطلوبات پر15 فروری 2017 تک عمل درآمد یقینی بنائیں گی۔ مزید برآں تمام اے ایم سی فنڈز کے ضمن میں بینکوں/ ڈی ایف آئی کے ساتھ پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی پابند ہوں گی تاکہ غیر متوقع ادائیگیوں کیلئے قرض کا بندوبست کیا جا سکے تاہم قرض کی رقم فنڈز کے مجموعی اثاثوں کے پندرہ فیصد سے متجاوز نہیں ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

تمام اے ایم سی ان مطلوبات پر یکم مارچ 2017ء تک عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔ ان مطلوبات میں یہ بھی شامل ہے کہ جہاں ریڈمشن رکویسٹ کسی ایک ڈیِلینگ روز کے یونٹ کی کل تعداد کے 10 فیصد سے تجاوز کر جائے تو اس روز اے ایم سیز اور اس کے سپانسرز کو رڈیمشن میں آخری ترجیح دی جائے گی۔ ایس ای سی پی نے موفاپ کو اوپن اینڈ فنڈز کے زمرے میں بہترین بین الاقوامی طور طریقوں کے حوالہ سے ایسی سیکورٹیزکی کوڈیفکیشن کے پیرائے میں اِللکویڈ سکیورٹیز کا جائزہ لینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

اس حوالے سے موفاپ کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ اوپن اینڈ فنڈ میں اِللکو یڈسکیورٹیزکا معیار اور اِللکویڈ سیکیورٹیز کے حصول کی زیادہ سے زیادہ حد کا تعین کریں۔ ان ہدایات کے اجرا کا مقصد صنعت کی ضرورتوں کو پورا کرنا، بہترین بین الاقوامی طور طریقوں کا نفاذ اور سرمایہ کاروں کے مفاد کا تحفظ ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے تاکہ اثاثوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ یہ ہدایات میوچل فنڈ ز اسکیم کی مضبوطی کا احساس پیدا کرے گی۔

متعلقہ عنوان :