فیصل آباد ، سرکاری اراضی پر ناجائزہ قبضہ کے دوران کالعدم مذہبی جماعت کے کارکنوں کی اندھا دھند فائرنگ، دو افراد شدید زخمی

پولیس نے ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان فرار

جمعہ 13 جنوری 2017 22:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) فیصل آباد کے بارونق علاقہ مدن پورہ میں سرکاری اراضی پر ناجائزہ قبضہ کے دوران کالعدم مذہبی جماعت کے کارکنوں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے دو افراد کو شدید زخمی کردیا جنہیں طبی امدادکیلئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ غلام محمد آباد پولیس نے سرکاری اراضی سے ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ آن لائن کے مطابق محلہ مدن پورہ میں سرکاری اراضی جو کہ پنجاب حکومت کی ملکیت ہے بعض سیاسی رہنمائوں کی ملی بھگت سے اس پر قبضہ کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں آج کالعدم مذہبی جماعت کے نعیم ناصر ‘ سیف ڈوگر وغیرہ دس افراد سرکاری اراضی پر تعمیرات کررہے تھے حکام کی ہدایت پر پٹواری رانا تنویر نے موقع پر پہنچ کر تعمیر کو رکوا دیا ہے اس دوران کالعدم مذہبی جماعت کے کارکنوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی فائرنگ کے نتیجہ میں مقامی صحافی ملک محمدشفیق کے والد محمد رفیق اور ان کے بھانجے شہزاد ولد عبدالستار فائر لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے الائیڈ ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس واقعہ کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزموں کی طرف سے پھینکا گیا ناجائز اسلحہ قبضہ میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے ماررہی ہے تاحال پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج نہیں کیا پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ ملنے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا تاہم انکی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :