غیر قانونی ہائیڈرنٹ شہریوں کے حصہ کا پانی چوری کرکے انہیں ہی مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں ، ایم ڈی واٹر بورڈ

وہیں واٹربورڈ واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی متاثر کررہے ہیں، مصباح الدین فرید

جمعہ 13 جنوری 2017 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ جہاں شہریوں کے حصہ کا پانی چوری کرکے انہیں ہی مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں وہیں واٹربورڈ واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی متاثر کررہے ہیں ،ضلعی انتظامیہ پولیس اور واٹربورڈ کا مشترکہ کریک ڈاؤن قابل تحسین ہے ،پولیس نے حب پمپنگ اسٹیشن کی عقب سے پانی چوری کرکے فروخت کرنے والے ہائیڈرنٹ کا قلع قمع کردیا ،9ملزمان گرفتار کرلئے گئے ہیں ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے غیرقانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف بھرپور کارروائی پر معزز ڈسٹرکٹ سیشن جج ، ایڈیشنل سیشن جج صاحبان ، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی انتظامیہ اور پولیس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف ان کارروائیوں میں واٹربورڈ بھرپور تعاون کرے گا امید ہے کہ یہ کارروائی حتمی نتائج تک جاری رہے گی اور اس ہی طرح ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا انہوں نے واٹربورڈ کے متعلقہ حکام کو پابند کیا کہ وہ گرفتار ملزما ن کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج میں پس و پیش سے کام نہ لیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی ضابطہ کی کارروائی کی جائے گی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی طرح ڈسٹرکٹ ملیر اور ڈسٹرکٹ کورنگی کی انتظامیہ اور پولیس بھی واٹربورڈ کے ساتھ مل کر پانی چوروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی ،انہوں نے کہا کہ پانی چور غیرقانونی اور زیر زمین پانی کے ہائیڈرنٹس کے ذریعے شہریوں کو چوری شدہ اور مضر صحت پانی فراہم کرکے ان کے زندگیوں سے کھیل رہے ہیں وہیں واٹربورڈ کو اس کے ہائیڈرنٹس کے ذریعے ملنے والے ریونیو میں بھی کمی کا سبب بن رہے ہیں معزز سیشن جج صاحبان خود بھی وقتاً فوقتا ً اس جانب توجہ دے کر اور خود معائنہ کرکے صورتحال کا جائزہ لے چکے ہیں ، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائیوں سے واٹربورڈ کے ریونیو میں اضافہ ہوگا ،دریں اثناء جمعرات اور جمعہ کی شب پولیس نے ایس پی اورنگی ایس ایچ اورنگ آباد، سیعدآباد اور ایس ایچ او مدینہ کالونی نے پولیس نفری کے ساتھ حب پمپنگ اسٹیشن کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار کردیا ،پولیس نے پانی چوری کرنے والے 9ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن میں محمد اقبال ، منصور احمد ،اللہ بخش ، عبدالطلیف ، عبدالرزاق ،پلوشہ خان ،ثناء اللہ ، محمد ذوالفقار اور واحد بخش شامل ہیں ان کیخلاف واٹربورڈ نے 430 کے تحت مقدمہ درج کرادیا ہے ،پولیس نے پانی چوری کیلئے استعمال ہونے والے 4جنریٹر اور 2پمپ بھی قبضہ میں لے لئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :