جدید سائنسی علوم کا ماخذ قرآن پاک ہی: ڈاکٹر حسن محی الدین

منہاج کالج مانچسٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب‘ مسلم فیملیز کا اظہار تشکر منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دین اور جدید علوم ساتھ ساتھ پڑھائے جاتے ہیں‘چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر طاہر القادری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں، طلباء و طالبات

جمعہ 13 جنوری 2017 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے مانچسٹر میں منہاج کالج کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی علوم کا ماخذ قرآن پاک ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں دین اور جدید سائنسی علوم ساتھ ساتھ پڑھائے جاتے ہیں۔

مانچسٹر یو کے میں رہائش پذیر مسلم فیملیز بالخصوص پاکستانی خاندانوں نے منہاج مانچسٹر کالج کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے قیام سے دیار غیر میں بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت کی بہت بڑی پریشانی سے نجات مل گئی ہے۔ اس اہم علمی و تدریسی کاوش پر تقریب میں شریک والدین نے ڈاکٹر طاہر القادری کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ والدین اپنے ذہین بچوں کو دین کی تعلیم کے لئے وقف کریں۔

ماڈرن سائنسی علوم کی عصری ضرورت کو ہم نے اپنی تعلیمی حکمت عملی میں فوقیت دی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی عمر بھر کی تحقیق اور تجربہ کا یہ نچوڑ ہے کہ ماڈرن سائنسی علوم کی تحصیل کے بغیر دین اسلام کے فروغ کی کوئی کاوش ثمربار نہیں ہو سکتی۔ جدید سائنسی علوم کا ماخذ اور منبع قرآن پاک ہے ۔نئی نسل کو یہ بتانے اور سمجھانے کی ضرورت ہے کہ ایک مکمل اور نافع علم کے لیے قرآن اور سائنس کو ساتھ ساتھ پڑھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علم، امن اور تحقیق کی ایک عالمگیر اسلامی تحریک ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ایسے تعلیمی ادارے قائم کررہی ہے جس سے یورپی معاشرے میں پروان چڑھنے والے باصلاحیت بچے اپنی اصل سے علمی و تحقیقی رشتہ استواررکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد علم برائے انسانیت کے لیے ہے۔ علم برائے منافع کے لیے نہیں۔

منہاج القرآن کے فلاحی پراجیکٹس ’’نو لاس، نو پرافٹ‘ کی بنیاد پر چلائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن کی 36سالہ جدوجہد میں علم اور خدمت کا یہ سفر ایک لمحہ کے لیے بھی نہیں رکا‘ اور اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ کے نعلین پاک کے صدقے بے پایاں برکتیں عطا کیں اور ہم پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں اس خدمت کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں شریک طلباء و طالبات نے منہاج کالج مانچسٹر کے قیام پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوار رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :