سوشل میڈیا پر درج شکایات کا نوٹس ، پیمرا کی جام پور ، پتوکی میں مقامی کیبل نیٹ ورک کے خلاف قابلِ اعتراض مواد دکھانے پر کاروائی

جمعہ 13 جنوری 2017 22:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کی طرف سے جام پور (ضلع راجن پور) اور پتوکی (ضلع قصور)میں مقامی کیبل نیٹ ورک سروس کے خلاف قابل اعتراض مواد دکھانے پر کاروائی۔ پیمرا نے یہ کاروائی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر درج شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کی۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا ملتان ریجن ٹیم نے صارفین کی طرف سے جام پور ضلع راجن پور میں بّبر کیبل نیٹ ورک نامی کیبل آپریٹر کے خلاف سی ڈی چینل پر قابلِ اعتراض مواد نشر کرنے کی شکایات پرکاروائی کرتے ہوئے پانچ کمپیوٹرز ، ایک ڈش ٹی وی ریسیور بمعہ کارڈ ، کنکٹنگ کیبل اور دیگر آلات ضبط کر لیے۔

پیمرا ٹیم کی قیادت اسسٹنٹ جنرل مینیجر عبد الرحمان کر رہے تھے جبکہ سینئر فیلڈ انسپکٹر عاطف خان اور دیگر بھی اس ٹیم کا حصہ تھے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح تحصیل پتوکی ضلع قصور کے گائوں بھوئے آصل سے ایک ٹوئٹر صارف کی طرف سے توجہ دلانے پر کہ مقامی کیبل آپریٹر انڈین مواد دکھارہا ہے ریجنل آفس لاہور کی ٹیم نے جس کی قیادت فیلڈ انسپکٹر عامر بھٹی کر رہے تھے بروقت کاروائی کرکے دو عدد ریسیورز اور دو سی پی یو اپنے قبضے میں لے لیے۔ پیمرا کی طرف سے متعلقہ کاروائی مکمل کرنے کے بعد متعلقہ شکایت کنندگان کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا پیمرا نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹس کو شکایت درج کرانے کا فورم بنانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے صارفین کی طرف سے اس طرح کی مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :