بے وسیلہ طالبعلموں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنا کر وزیراعلیٰ پنجاب نے حقوق اطفال کے تقاضے پورے کردئیے ہیں،پنجاب ’’چائلڈ فرینڈلی‘‘ صوبہ بن کر سامنے آیاہے، جہاں ہر بچے کی تعلیم تک رسائی ہے اور غربت یا وسائل کی کمی کی بنا پر کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں

صوبائی مشیراطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان کی مختلف عوامی وفود سے گفتگو

جمعہ 13 جنوری 2017 23:18

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جنوری2017ء) صوبائی مشیراطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان نے کہاکہ بے وسیلہ طالبعلموں کی تعلیم تک رسائی ممکن بنا کر وزیراعلی شہبازشریف نے حقوق اطفال کے تقاضے پورے کردئیے ہیں-پنجاب ’’چائلڈ فرینڈلی‘‘ صوبہ بن کر سامنے آیاہے، جہاں ہر بچے کی تعلیم تک رسائی ہے اور غربت یا وسائل کی کمی کی بنا پر کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں ۔

وہ جمعہ کو یہاں اپنے دفترمیں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر ملک احمد خان نے کہاکہ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے مستحق مگر ذہین طالب علموں کو یہ موقع ملاہے کہ وہ تعلیمی اخراجات کے خوف سے بے نیاز ہو کر پڑھیں-اسی طرح پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے 36 اضلاع کے 25لاکھ مستحق طلبا وطالبات کو پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کی سہولت مہیا کردی ہے -ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں او ر ہم انہیں چائلڈ لیبر کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے -انہوںنے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف کا پختہ عزم ہے کہ ہر بچے کو سکول داخل کروایا جائے -اس حوالے سے صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ 2018تک 100فیصد انرولمنٹ کا ہدف حاصل کر لیا جائے -اس طرح پنجاب کی چائلڈ فرینڈلی پالیسیوں سے ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہوگا اور وہ تعلیم کے ذریعے ملک کا مستقبل سنواریں گی-اس موقع پر عوامی وفود نے حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف عوام کے محسن اور غریب پرور رہنما ہیں جن کی سیاست کا اوڑھنا بچھونا مخلوق خداکی خدمت ہی-