ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سینٹ اور سنڈیکیٹ کے ووٹرز کی نامکمل فہرست کے خلاف دائر درخواست پر وائس چانسلر اور رجسٹرار سے جواب طلب کر لیا

جمعہ 13 جنوری 2017 23:28

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سینٹ اور سنڈیکیٹ کے ووٹرز کی نامکمل فہرست کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکوٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پنجاب یونیورسٹی کے پرنسپل سید منصور سرور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی سینٹ اور سینڈیکیٹ کے ووٹرز کی فرست نامکمل ہے جس کی وجہ سے کئی اہل ووٹرزسینٹ اور سینڈیکیٹ کے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کر سکے جبکہ اسی بنیاد پراکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قوانین کے تحت کسی بھی استاد کو حق رائے دہی سے نہیں روکا جا سکتا۔پنجاب یونیورسٹی کے قانونی مشیر ملک اویس خالد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سینٹ اور سینڈیکیٹ کے انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے یونیورسٹی میں انتظامی عہدے رکھنے والے پروفیسرز ووٹر کی تعریف پر پورا نہیں اترتے یونیورسٹی کے قانونی مشیر نے تحریری جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مہلت کی استدعا کی۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت بیس جنوری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :