کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں نے عوام کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے،حاجی علی مدد جتک،سید اقبال شاہ

قوم پرست جماعتیں عوام سے ووٹ لیکر انہیں بھول گئی ہیں، 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی،پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما ئوں کا شمولیتی پروگرام سے خطاب

جمعہ 13 جنوری 2017 23:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں نے عوام کو غربت کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ہم ان کرپٹ حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انکا احتساب ہوگا ،قوم پرست جماعتیں عوام سے ووٹ لیکر انہیں بھول گئی ہیں ترقیاتی کاموں کیلئے آنے والے فنڈز خوربرد کی نظر ہورہے ہیں ،2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرکے چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی اور جن لو گوں نے دوسروں کا کندھا استعمال کر کے اقتدار حاصل کیا ہے ان کی ضمانتیں ضبط ہونگی۔

یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ، صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،پریس سیکرٹری سردارسربلند جوگیزئی ،ملک عبدالحمیدکاکڑ،ثناء اللہ جتک ،حاجی شکر خان بڑیچ ،محمد عثمان مینگل نے لوڑ کاریز میں علی احمد کرد ، حاجی بشیراحمد کرد، رحمت اللہ کرد ، محمد سلیم کرد ، نذر کرد ، نوراحمد کرد،غلام مصطفی مینگل ، حفیظ مینگل ، داد محمدمینگل ، محمدقاسم مینگل ، غلا م محمد مشوانی ، داد محمد مشوانی،زاہد مشوانی ، عبدالغفور بنگلزئی ،حاجی عبدالمنان اچکزئی ، حاجی عبدالرحمن اچکزئی ،عبدالغفار اچکزئی ،محمداقبال بنگلزئی اور ریا ض احمد بنگلزئی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت بی این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مستعفی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

تقریب میں شہزادہ کاکڑ، یعقوب زیارت وال، جیلانی شاد،چوہدری شان سلامت اوردیگر نے بھی شرکت کی۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں ،مزدوروں اور مڈل کلاس کے طبقے کی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہدکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی 1973ء کے آئین کواسکی اصل شکل میں بحال کیاپیپلز پارٹی نے دوراقتدار میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 250فیصد تک اضافہ کیا لیکن موجودہ حکمرانوں نے چار سال کے دوران صرف 21فیصداضافہ کیا جو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے تو دوسری طرف ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں کئی سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے جو شرمناک عمل ہے۔

انہوں نے کہا اسلام ہمیں قوم پرستی کی اجازت نہیں دیتا لیکن قوم پرستوں نے عوام کو جھوٹے نعروںاور وعدوں کے ذریعے ورغلاکر اقتدارحاصل کیا لیکن وہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو بھول گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک بھر میں تین لاکھ سے زائد افرادکو بے روزگار کیا پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے عوام کو بے روزگار کرنے کی بجائے انہیں ملازمتیں فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھا ل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں ملک اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی اور جن لو گوں نے دوسروں کا کندھا استعمال کر کے اقتدار حاصل کیا ہے ان کی ضمانتیں ضبط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ سریاب کے لئے آنے والے فنڈز کو بلوچ وپشتون کے نام پر سیاست کرنیوالوں نے خرد برد کرلیا اور سریاب حلقے کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیاگیا ۔

انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی۔ پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب صوبائی حکومت نے اپنا پہلا بجٹ 75سے 80ارب روپے کا بنایا تو اس وقت صوبے پر 22ارب روپے کے قرضے تھے جو اسوقت کے صدرآصف علی زرداری نے معاف کئے اوراسکے اگلے این ایف سی ایوارڈ ملنے کے بعد صوبے کا بجٹ 150ارب روپے تک جاپہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غریب اور مستحق خواتین کیلئے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جس سے ملک بھر میں لاکھوں خواتین مستفید ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوڑ کاریز کا علاقہ قوم پرستوں کا گڑھ سمجھاجاتا تھا لیکن آج عوام ان قوم پرست جماعتوں سے مایوس ہوکرپیپلز پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔ صوبائی سیکرٹری سردار سردارسربلند جوگیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر کے غریبوں کی جماعت ہے عوام کے حقوق اور ملک میں آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی بحالی کیلئے پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی توڑنے والی نہیں بلکہ ملک کو جوڑنے والی سیاسی جماعت ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہر قوم سے تعلق رکھنے والے افراد پیپلز پارٹی میں شمولیت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی بلوچستان کے تمام اضلاع اور یونین کونسل کی سطح تک تنظیمیں بنائی جائیں گی اور پارٹی کے کارکنوں کی مشاورت سے ہی آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کارکن شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہیدجمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں انشاء اللہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق صدرآصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پارلیمنٹ میں آنے کے اعلان کے بعدحکمرانوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک بھر میں فعال اور مضبوط ہورہی ہے۔ انہوں نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دی۔