ڈیوس اجلاس ، ورلڈ اکنامک فورم کی راحیل شریف کو اجلاس میں شرکت کی دعوت

جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اجلاس میں دہشتگردی کے موضوع پر خطاب کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 جنوری 2017 12:34

ڈیوس اجلاس ، ورلڈ اکنامک فورم کی  راحیل شریف کو اجلاس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جنوری 2017ء) : جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو ڈیوس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا لوہا منوانے اور اپنی صلاحیتوں سے مقبولیت پانے والے راحیل شریف ڈیوس میں ہونے والے اجلاس میں دہشتگردی کے موضوع پر خطاب کریں گے۔

اس سالانہ اجلاس کی مشترکہ صدارت بینک آف امریکہ کے برائن ٹی موئنہان، پاکستان کیلئے آسکر ایوارڈ جیتنے والی شرمین عبید چنائے، ڈنمارک کی سابق وزیر اعظم ہیلے تھورننگ شمت، نیدر لینڈ کی مشہور کاروباری شخصیت فرانس وین ہوتن اور امریکا کی کاروباری و سماجی خاتون میگ وٹمین کریں گے۔ڈیوس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے اس سالانہ اجلاس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پاکستانی وفد کی سربراہی کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس فورم کے سالانہ اجلاس کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پاکستان کے سابق آرمی چیف کو فورم کے اجلاس مدعو کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جنرل پرویز مشرف سربراہ مملکت کی حیثیت فورم سے خطاب کرچکے ہیں۔ اکنامک فورم کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف 17 جنوری کو ہونے والے ایونٹ کے دو سیشنز میں خطاب کریں گے۔ایک سیشن میں ''ڈیجیٹل دور میں دہشت گردی'' میں القاعدہ، داعش اور بوکوحرام کے خلاف ’غیر منظم کوششوں‘، اور بین الاقوامی سکیورٹی میں ذمہ دارانہ قیادت پر بحث ہو گی۔

مذکورہ سیشن میں اہداف کو نشانہ بنانے، اپنے وسائل کی نگرانی اور نقل و حرکت کو منظم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نیٹ ورک کو استعمال کرنے والی دہشت گرد تنظیموں سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔ اس سیشن میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور انسدادِ دہشت گردی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جین بال لیبرڈے بھی شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں نائجیریا کے نائب صدر یامی اوسن باجو، سعودی شہزادے ترکی الفیصل السعود، یوروپول کے ڈائریکٹر روب وین رائٹ، آکسفرڈ یونیورسٹی کے وائس چانسلر لوئس رچرڈسن سیشن کی نظامت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

''گلوبل سکیورٹی کونٹیکسٹ'' (Global Security Context) کے نام سے ہونے والے دوسرے سیشن میں بین الاقوامی سکیورٹی ایجنڈے میں تبدیلی کا باعث بننے والے نئے رجحانات اور بڑی تبدیلیوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس اجلاس میں پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کے علاوہ ہانگ کانگ کے فرسٹ ایسٹرن انوسٹمنٹ گروپ کے وکٹر چو، جرمنی کے وزیر دفاع ارسلا وون ڈیر لیان اور سعودی شہزادہ ترکی الفیصل السعود بھی خطاب کریں گے۔

چینی صدر شی جن پنگ بھی اجلاس سے خطاب کریں گے اور عالمی معاشی مسائل کے حل کے لیے چینی تجاویز پیش کریں گے۔ سیشن کا تمام تر انتظام برطانیہ کے چیتھم ہاوس کے رابن نبلیٹ کریں گے۔ڈیوس اجلاس میں ’ایشیا میں نئے سکیورٹی فریم ورک، ''عالمی سکیورٹی رسک''، ''امن کے لیے سرمایہ کاری''، ''جنگ کا مستقبل'' اور جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کو جاری رکھنے جیسے معاملات پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستانیوں میں وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ، مشرف زیدی اور عارف نقوی شامل ہیں۔اجلاس میں 300 سے زائد سیشنز ہوں گے جن میں 100 ممالک سے ڈھائی ہزار سے زائد شرکاء حصہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :