تارکین وطن کے پلاٹوں پر ناجائز طریقے سے ایم ڈی اے کے ملازمین قابض ہو چکے ہیں ‘قبضہ مافیا کو ایم ڈی اے کے ذمہ داران کی بھرپور حمایت حاصل ہونے سے یہ قبضہ مافیا تارکین وطن کی پلاٹوں پر قبضہ کرنے میں پیش پیش ہے

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء چوہدری مشتاق زرگر کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 14 جنوری 2017 13:54

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء چوہدری مشتاق زرگر نے کہا ہے کہ تارکین وطن کے پلاٹوں پر ناجائز طریقے سے ایم ڈی اے کے ملازمین قابض ہو چکے ہیں جبکہ قبضہ مافیا کو ایم ڈی اے کے ذمہ داران کی بھرپور حمایت حاصل ہے جس کی وجہ سے یہ قبضہ مافیا تارکین وطن کی پلاٹوں پر قبضہ کرنے میں پیش پیش ہے ایسے کرپٹ اور بدعنوان عناصر کیخلاف کارروائی وقت کا تقاضا ہے تاکہ ایم ڈی اے میں ہونے والے کرپشن کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔

ایم ڈی اے کے ملازمین جن کے پاس ماضی میں سائیکل تک نہیں تھی آج وہ لگژری گاڑیوں اور عالیشان محلات میں رہ رہے ہیں جبکہ تارکین وطن اور سائلین اپنے پلاٹوں کے مسئلہ کے حل کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں دو نمبر طریقے سے ڈبل الاٹمنٹ کرنا ایم ڈی اے کے ملازمین کا وطیرہ بن چکا ہے جو ناجائز طریقے سے تارکین وطن کی جائیدادوں پر قابض ہو چکے ہیں ایسے ملازمین کا قلع قمع کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری مشتاق زرگر نے کہا کہ ڈبل فائلیں اور الاٹ منٹ میں ملوث صرف اور صرف ایم ڈی اے کے ملازمین و اہلکاران ہیں جو مفاد عامہ کی جگہوں تک کو الاٹ کر چکے ہیں اور تارکین وطن کی تعمیر شدہ عمارتوں کو مسمار کر کے اپنی بدعنوانیوں کو چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کے جائز پلاٹوں پر قبضہ مافیا انتہائی متحرک ہو چکا ہے اور ان کی سرپرستی ایم ڈی اے کے ملازمین کر رہے ہیں تارکین وطن ایسے حالات میں پاکستان آنا پسند نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے تارکین وطن کے حقوق مجروح ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ملکی معیشت میں ایک اہم کردارادا کر رہے ہیں لیکن ایم ڈی اے کی طرف سے ان کی جائیدادوں پر قبضہ انتہائی افسوسناک ہے ایم ڈی اے کے کرپٹ اور بدعنوان عناصرکیخلاف حکومت وزیراعظم ، چیف جسٹس سپریم کورٹ آزادکشمیر اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر فی الفور نوٹس لیتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی اے میں ہونے والی کرپشن اور اس میں مبینہ طورپر ملوث اہلکاران کیخلاف وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نوٹس لیتے ہوئے فی الفور کرپٹ ملازمین کو فارغ کریں ایم ڈی اے کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے جس کی اصلاح و احوال انتہائی ضروری ہے موجودہ حکومت کے اولین ایجنڈے میں کرپشن کیخلاف کی روک تھام تھی جبکہ عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ ن کی حکومت کا طیرہ امتیاز ہے جب تک عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کر دیتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

اانہوںنے کہا کہ ایم ڈی اے میں ہونے والے کرپشن کیخلاف وزیراعظم کو از خود نوٹس لینا چاہیے ایم ڈی اے اس وقت آزادکشمیر کا سب سے بڑا کرپٹ ادارہ بن چکا ہے جہاں پر سائلین کو اپنے جائز معاملات کیلئے بھی شدید مشکلات درپیش ہیں ان کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم خصوصی طورپر توجہ دیتے ہوئے ایم ڈی اے میںموجودہ کرپٹ اور بددیانت اہلکاران اور ملازمین کیخلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایم ڈی اے سے کرپشن ختم کرنے میں اپنا کردارادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :