آستانہ مذاکرات23 جنوری کو ہوں گے، امریکہ شرکت کریگا،ترکی

مذاکرات میں شرکت کیلئے کوئی دعوت نہیں ملی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی تردید

ہفتہ 14 جنوری 2017 16:21

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) ترک ایوان صدر نے شام میں قیام امن کے لیے آستانہ میں ہونے والے مذاکرات کے لیے 23 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے اور کہا ہے کہ ان مذاکرات میں امریکہ بھی شرکت کرے گا جبکہ امریکی حکومت نے آستانہ مذاکرات میں شرکت کی دعوت سے لا علمی کا اظہار کر دیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک ایوان صدر کے ترجمان ابراہیم کالین نے انقرہ میں صحافیوں کو بتایا کہ آستانہ میں شام پرہونے والے مذاکرات کے لیے 23 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں امریکا کوبھی شریک کیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا ملک شام میں قیام امن کے لیے ہونے والی کسی بھی بات چیت کی حمایت کرے گا تاہم آستانہ مذاکرات میں شرکت کے لیے انہیں کسی قسم کی دعوت نہیں ملی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ آستانہ بات چیت کی مکمل تائید اور حمایت کرتا ہے۔

صدر باراک اوباما نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ آستانہ مذاکرات میں امریکی شرکت کو یقینی بنائیں۔مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہمیں باضابطہ طور پر آستانہ مذاکرات میں شرکت کی دعوت نہیں ملی مگرامریکہ کی موجودہ حکومت کو آستانہ مذاکرات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، مارک ٹونر نے مزید کہا کہ اگرچہ آستانہ مذاکرات کی تاریخ مثالی نہیں مگر ہمیں شرکت کی دعوت دی گئی تو ہم نئی امریکی حکومت کو مذاکرات میں شرکت کا کہیں گے۔