اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل مسئلہ کشمیر کے بارے میں سنجیدہ ہیں ، ترجمان

اینٹونیوگوئیریس پاک بھارت وزرائے اعظم سے بھی ملاقات کے متمنی ہیں ، پریس کانفرنس

ہفتہ 14 جنوری 2017 16:32

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) اقوام متحدہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ عالمی ادارے کے نئے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گویئریس تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں تاہم اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وہ ابھی تک پاک بھارت وزرائے اعظم کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت نہیں کر سکے ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفین ڈیوریجک نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ عالمی ادارے کے نئے سربراہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کے متعلق دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کر رہے انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کو ہی سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے عہدہ کا چارج سنبھالا ہے ان کا دنیا بھر کے سرکاری رہنمائوں کے ساتھ رابطہ ہوا ہے لیکن ابھی تک وہ سبھی لیڈروں کے ساتھ بات چیت نہیں کر سکے جن کے ساتھ وہ رابطہ کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل ابھی پاک بھارت وزرائے اعظم کے ساتھ بھی مسئلہ کشمیر پر بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں