خیبرپختونخوا کے قدرتی اور معدنی ذخائرکی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں،پرویز خٹک

ہفتہ 14 جنوری 2017 19:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ڈنمارک کے سفیر کی طرف سے خیبرپختونخوامیں دیر پا توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی ترسیل اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے قدرتی اور معدنی ذخائرکی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔

صوبائی حکومت توانائی کی پیداوار میں اضافے، قدرتی و معدنی ذخائر کے سائنسی بنیادوں پر دریافت ، استعمال اور صنعتوں میں سرمایہ کاری کے فروغ میں کوشاں ہے۔ صوبائی صنعتی پالیسی 2016 کے تحت سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی جارہی ہیں جبکہ صوبے کی توانائی پالیسی کے تحت توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ڈینش کمرشل کمپنیوں کو بھی خوش آمدید کہے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈنمارک کے سفیر H.E Mr. Ole Thonke سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان تجارتی ، ثقافتی، کمرشل تعلقات اور باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

سفیر نے خیبرپختونخوا کی صنعت، توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے ڈینش ٹیکنالوجی کی ترسیل اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوںنے خیبرپختونخوا میں براہ راست سرمایہ کاری کیلئے ڈینش بزنس کمیونٹی کی دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ انکی حکومت ڈینش کمپنیوں کی صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا خیر مقدم کرتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ صوبے کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے ڈینش تجربہ کار کمپنیوں کیلئے وسیع مواقع موجودہیں۔ ہم نے صوبے میں سرمایہ کاری کا عمل آسان ترین بنادیا ہے۔ صوبے میں صنعتیں لگانے کیلئے این او سی کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت موجود ہے۔ اس مقصد کیلئے آزاد اور با اختیار کمپنی ازدمک بنا دی گئی ہے۔

نئی صنعتوں کیلئے اراضی کی خریداری ، مشینری کی ترسیل کے اخراجات اور بجلی کے نرخوں میں 25 فیصد رعایت دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت نے صوبے کی معاشی سمت کا تعین کر دیا ہے۔ صوبے میں صنعت دو ست ماحول بن چکا ہے صوبے میں توانائی کے شعبے میں بیک وقت پن بجلی، تھرمل اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر شد و مد سے کام جاری ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیمز تعمیر کئے جارہے ہیں ۔

صوبہ بھر میں بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی سمیت نئے صنعتی زونز پر بھی کام جاری ہے۔ہماری پالیسیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کار صوبے کا رخ کر رہے ہیں۔ یہ خطہ مستقبل میں صنعتی وتجارتی انقلاب کا مرکز بننے جارہا ہے جس کیلئے ہم منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم بیرونی حکومتوں خصوصاً اپنے دوست ممالک کے ساتھ تجارتی و باہمی تعلقات مضبوط کرنے کے نہ صرف خواہش مند ہیں بلکہ ہم اس مقصد کیلئے عملی اقدامات کرکے دوستانہ فضا بنا چکے ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں خیبرپختونخوا اور ڈنمارک حکومت کے درمیان باہمی تعلقات اور تجارت کو مزید تقویت ملے گی۔

متعلقہ عنوان :