پروٹیز بائولرز کی عمدہ بائولنگ، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو آخری ٹیسٹ میں اننگز اور 118 رنز سے ہرا کر سیریز3-0 سے کلین سویپ کر لی

آئی لینڈرز دونوں اننگز کھیل کر بھی پروٹیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر نہ کر سکی، پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد آئی لینڈرز دوسری اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر، کرونارتنے 50 رنز بنا کر نمایاں، پارنیل کی میچ میں 6 وکٹین، ڈومینی میچ اور ڈین ایلگر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 14 جنوری 2017 19:58

پروٹیز بائولرز کی عمدہ بائولنگ، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو آخری ٹیسٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) پروٹیز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میں اننگز اور 118 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، سری لنکن ٹیم اپنی دونوں اننگز میں میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے میں ناکام رہی، میچ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 131 رنز پر ڈھیر ہوئی تو اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، دوسری اننگز میں بھی سری لنکن ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، دیمتھ کرونارتنے 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ویان پارنیل نے 4 اور اولیور نے 3 وکٹیں لیں، واضح رہے کہ جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 426 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ڈومینی میچ اور ڈین ایلگر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 80 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان اینجلومیتھیوز 11 اور دنیش چندیمل 3 رنز پر کھیل رہے تھے، فلینڈر، ربادا، پارنیل اور اولیور نے حریف بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، اس کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتیں گئیں اور پوری ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی، میتھیوز 19، چندیمل 5، اپل تھرنگا 24، رنگناہیراتھ 8، سرنگا لکمل 4 اور نوون پرادیپ 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، فلینڈر اور ربادا نے 3، 3 جبکہ پارنیل اور اولیور نے 2، 2 وکٹیں لیں، فالو آن کا شکار ہونے کے بعد پروٹیز بائولرز نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے دوسری اننگز میں بھی سری لنکن بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، دیمتھ کرونارتنے 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشل سلوا صفر، کوسل مینڈس 24، دھانن جایا ڈی سلوا 12، کپتان میتھیوز، چندیمل اور ہیراتھ 10، 10، سرنگا لکمل 31 اور لاہیروکمارا صفر پر آئوٹ ہوئے۔

ویان پارنیل نے 4، اولیور نے 3، ربادا نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :