بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایم ڈی واٹربورڈ نے شعبہ واٹرڈسٹری بیوشن اور سیوریج کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں

ہفتہ 14 جنوری 2017 20:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2017ء) کراچی میں جمعہ سے ہفتہ کی رات گئے تک جاری رہنے والی توقع سے زائد بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے ادارے میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے شعبہ واٹرڈسٹری بیوشن اور سیوریج کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے تمام مشینری شہر کے تمام اضلاع میں پہنچانے کی ہدایت کردی ہے ،ایم ڈی واٹربورڈ جمعہ کی رات سے ہفتہ کی رات تک شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے رہے ،جبکہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات وچیئرمین جام خان شورو کے شہر کے دورہ کے دوران بھی ان کے ہمراہ رہے ، مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کے باوجود جنریٹروں کے ذریعے فراہمی ونکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا گیا واٹربورڈ کمپلین سینٹر برسات کے دوران 24گھنٹے کام کرے گا ،تفصیلا ت کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو کراچی میں ہونے والی موسم سرما کی بارشوں کے سبب ایم ڈی واٹربورڈ نے ادارہ میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے واٹربورڈ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں طلب کرلیا ،انہوں نے تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز ، چیف انجیئنئرز ، سپرنٹنڈنگ انجینئرز سمیت تمام افسران اور اہلکاروں کو متحرک کردیا ہے جبکہ واٹربورڈ کے رین ایمرجنسی سینٹر کوشہر کے مختلف اضلاع میں مشینری و ضروری عملہ بھیجنے کی ہدایت کردی انہوں نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان کو ہدایت کی کہ واٹربورڈ کی تمام جیٹنگ ،راڈنگ اور سیورکلینگ مشینوں کو فوری طور پر نشیبی علاقوںمیں بھجوادیا جائے نیز کرینوں سمیت دیگر ہیوی مشینری کو تیار رکھا جائے ،انہوں کہا کہ جن پمپنگ اسٹیشنوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو، وہاں جنریٹروں کے ذریعے پمپس کو فعال رکھا جائے ،نیز جنریٹروں کو چلانے کے لئے ایندھن کا مناسب ذخیرہ کرلیا جائے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے دیگر حکام کے ساتھ جمعہ کی رات سے ہفتہ کو رات گئے تک شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور پانی کی نکاسی کے کام کا معائنہ بھی کیا، اس دوران واٹربورڈ کا کمپلین سینٹر مسلسل کام کرتا رہا ،شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی 90فیصد شکایات کا فوری ازالہ کردیا گیا ہے ،مزید برآں ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ کے ایمرجنسی سینٹر کو برسات کے دوران 24گھنٹے کھولنے کا حکم دیدیا ہے شہری فون نمبر 021-99245138,39,40 پر اپنی شکایات کا اندراج کراسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :