پاک سرزمین پارٹی کٹی پہاڑی کو پاکستان کے استحکام کی علامت بنادیا ہے، مصطفی کمال

ہفتہ 14 جنوری 2017 20:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2017ء) چیرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کٹی پہاڑی پر لوگوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کٹی پہاڑی جس کا ماضی میں نام لسانی فسادات انسانوں کی قیمتی جانوں کے نقصان اور دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا آج پاک سرزمین پارٹی نے اسی کٹی پہاڑی کو پاکستان کے استحکام کی علامت بنادیا ہے۔ کٹی پہاڑی پہ پاکستان کے پرچم کی سربلندی اور تمام قومیتوں کاپاکستان کے پرچم تلے جمع ہونا پر امن کراچی تو پر امن پاکستان کی نوید ہے۔

ہم کراچی میں بسنے والی تمام لسانی اکائیوں کو محبت اور وطن پرستی کے رشتے میں باندھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں امید رکھتا ہوںکہ تمام محب وطن افراد اس عظیم مقصد میں میرا ساتھ دیں گے۔ 29 جنوری کے جلسے کا دن مہاجر،پنجابی،سندھی،پٹھان،بلوچ اور پاکستان کی تمام لسانی اکائیوں کو ایک پاکستان، ایک قوم، ایک ملک کے رشتے میں منسلک کرنے اور ہر تفرقے کو مٹانے کا دن ہے اس کار خیر میں ہر محب وطن پاکستانی کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

(جاری ہے)

29 جنوری کے جلسے کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔اس دن کراچی کے لوگ بالخصوص ہماری مائیں،بہنیں،بزرگ ہمارے نوجوانوں اور بچوں کے ہمراہ اپنے وطن سے اپنی محبت کے اظہار کے لئے تبت سینٹر ٓائیں اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں ۔