ایم ڈی سوئی ناردرن کی جڑواں شہروں میں گیس کی معطلی اور کم پریشرکے معاملہ پر ریجنز حکام کوسخت سرزنش

سی این جی بند کرنے کے باوجود شکایات آنے پر وضاحت کی جائے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اور سی این جی اسٹیشنز کی بندش یقینی بنائی جائے، شکایات دور کرنے کیلئے ہنگامی ٹیمیں تشکیل دی جائیں ، امجد لطیف کی ویڈیو کانفرنس میں ہدایت

ہفتہ 14 جنوری 2017 20:25

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جنوری2017ء) ایم ڈی سوئی ناردرن امجد لطیف نے جڑواں شہروں میں گیس کی معطلی اور کم پریشرکے معاملہ پر اسلام آباد اور راولپنڈی ریجنز کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی این جی بند کرنے کے باوجود شکایات آنے پر وضاحت کی جائے، گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی اور سی این جی اسٹیشنز کی بندش یقینی بنائی جائے، ہنگامی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو مختلف علاقوں کا دورہ کرکے گیس کی شکایات دور کریں۔

تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں گیس کی معطلی اورکم پریشرکامعاملہ پر ہفتہ کو ایم ڈی سوئی ناردرن نے راولپنڈی اسلام آبادریجنزکے حکام کیساتھ وڈیوکانفرنس کی ۔ایم ڈی سوئی ناردرن امجد لطیف نے حکام کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے،سی این جی بند کرنے کے باوجود شکایات کیوں آرہی ہیں، سی این جی اسٹیشنز کی بندش یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد ریجنز کو ہنگامی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹیمیں مختلف علاقوں کا دورہ کرکے گیس کی شکایات دور کریں۔ دوسری طرف راولپنڈی سوئی گیس حکام کامؤقف ہے کہ ٹیل کے علاقوں میں گیس کے مسائل کاسامناہے۔ واضح رہے کہ جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے گیس کا پریشر نہ ہونے سے گھروںکے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں۔(ار)

متعلقہ عنوان :