وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ڈنمارک کے سفیر تھونکی اولے کی ملاقات

دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اٴْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ کا ڈنمارک کے سفیر کی طرف سے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی ترسیل اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم

ہفتہ 14 جنوری 2017 21:05

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ڈنمارک کے سفیر کی طرف سے خیبرپختونخوامیں دیر پا توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی ترسیل اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے قدرتی اور معدنی ذخائرکی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔

صوبائی حکومت توانائی کی پیداوار میں اضافے، قدرتی و معدنی ذخائر کے سائنسی بنیادوں پر دریافت ، استعمال اور صنعتوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ صوبائی صنعتی پالیسی 2016 کے تحت سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دی جارہی ہیں جبکہ صوبے کی توانائی پالیسی کے تحت توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ڈنمارک کی کمرشل کمپنیوں کو بھی خوش آمدید کہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈنمارک کے سفیر تھونکی اولی( Ole Thonke )سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی اٴْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان تجارتی ، ثقافتی، کمرشل تعلقات اور باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

سفیر نے خیبرپختونخوا کی صنعت، توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے ڈینش ٹیکنالوجی کی ترسیل اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں براہ راست سرمایہ کاری کیلئے ڈنمارک کی بزنس کمیونٹی کی دلچسپی سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ انکی حکومت ڈینش کمپنیوں کی صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا خیر مقدم کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبے کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے ڈینش تجربہ کار کمپنیوں کیلئے وسیع مواقع موجودہیں۔ ہم نے صوبے میں سرمایہ کاری کا عمل آسان ترین بنادیا ہے۔ صوبے میں صنعتیں لگانے کیلئے این او سی کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی سہولت موجود ہے۔ اس مقصد کیلئے آزاد اور با اختیار کمپنی ازدمک بنا دی گئی ہے۔

نئی صنعتوں کیلئے اراضی کی خریداری ، مشینری کی ترسیل کے اخراجات اور بجلی کے نرخوں میں 25 فیصد رعایت دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت نے صوبے کی معاشی سمت کا تعین کر دیا ہے۔ صوبے میں صنعت دو ست ماحول بن چکا ہے صوبے میں توانائی کے شعبے میں بیک وقت پن بجلی، تھرمل اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر شد و مد سے کام جاری ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیمز تعمیر کئے جارہے ہیں۔

صوبہ بھر میں بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی سمیت نئے صنعتی زونز پر بھی کام جاری ہے۔ہماری پالیسیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کار صوبے کا رخ کر رہے ہیں۔ یہ خطہ مستقبل میں صنعتی وتجارتی انقلاب کا مرکز بننے جارہا ہے جس کیلئے ہم منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم بیرونی حکومتوں خصوصاً اپنے دوست ممالک کے ساتھ تجارتی و باہمی تعلقات مضبوط کرنے کے نہ صرف خواہش مند ہیں بلکہ ہم اس مقصد کیلئے عملی اقدامات کرکے دوستانہ فضا بنا چکے ہیں۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اٴْمید ظاہر کی کہ مستقبل میں خیبرپختونخوا اور ڈنمارک حکومت کے درمیان باہمی تعلقات اور تجارت کو مزید تقویت ملے گی۔