وزیر اعلیٰ صاحب کب تک مخالفین پر الزامات لگائیں گے ۔ اپنے منصب کا خیال رکھتے ہوئے سیاسی مخالفین اور سرکاری افسران کیلئے مہذب اور شائستہ لہجہ استعمال کرنا پرویز خٹک کو نصیب نہیں ہو رہا

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک

ہفتہ 14 جنوری 2017 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جنوری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ صاحب کب تک مخالفین پر الزامات لگائیں گے ۔ اپنے منصب کا خیال رکھتے ہوئے سیاسی مخالفین اور سرکاری افسران کیلئے مہذب اور شائستہ لہجہ استعمال کرنا پرویز خٹک کو نصیب نہیں ہو رہا۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اپنے مخالفین اور سرکاری افسران کو صبح سے شام تک گالیاں دینا وزیر اعلیٰ کا مشغلہ بن گیا ہے۔

اپنی کارگزاری اور صوبے میں برائے نام تبدیلی کا اندازہ 2018 کے الیکشن میں ہو جائیگا۔ تبدیلی سرکار کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا آئندہ الیکشن کا نتیجہ آنے کے بعد اُن کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے یہ بتائیں کہ اپنے ممبر صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کے الزامات کا جواب کون دے گا موجودہ صوبائی حکومت کا اپنے صوبے کے افسران اور اپنے سیاسی مخالفین کیساتھ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

ان کے روئیے کی وجہ سے صوبے کے ہر محکمے کے افسران یا تو ٹرانسفر ہو چکے ہیں یا پھر چھٹیوں پر چلے گئے ہیں۔ صوبے کے انتظامی معاملات ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں صوبے میں میگا کرپشن اور بدانتظامی کے قصے زبان زد عام ہو چکے ہیں۔ جھوٹے وعدوں ، دعوؤں ، الزامات کے سہارے جینے والی حکومت کے دن گنے چا چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صوبے کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

اپنی نااہلی،ناکامی اور چوری چھپانے کیلئے روزانہ نئے نئے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں۔ صوبے میں ترقی کا نام و نشان تک مٹا دیا گیا ہے۔ غربت ، بیروزگاری ، مہنگائی ، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ شفافیت کے نام پر بڑے پیمانے پر کرپشن عروج پر ہے۔ احتساب کے نام پر شریف النفس لوگوں کی پگڑیاں اُچھالی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت حادثے کی پیدا وار ہے اور سہاروں کے بل جینے والے سیاسی یتیموں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنے منصب کی تکریم سے ناواقف ہیں۔

متعلقہ عنوان :