دنیابھرکے مسائل کے حل کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے،جرمن چانسلر

عالمی مسائل کے حل کے لیے ٹرمپ سے مذاکرات کو تیار، انفرادی سطح کے بجائے بطور پارٹنر مشترکہ عمل سے مسائل کا حل ممکن ہے،بیان

اتوار 15 جنوری 2017 12:20

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ عالمی مسائل کے حل کی خاطر بین الاقوامی سطح پر تعاون ضروری ہے جبکہ انفرادی اقدامات سے یہ مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ وہ اس تناظر میں نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر میرکل نے ایک بیان میں کہاکہ عالمی مسائل کے حل کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں قائل ہوں کہ انفرادی سطح کے بجائے بطور پارٹنر مشترکہ عمل سے مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی اصول پر یقین رکھتی ہیں اور مستقبل میں بھی اسی سوچ پر عمل پیرا رہیں گی۔میرکل نے بتایا کہ مشاورتی سطح پر ٹرمپ کی ٹیم سے رابطہ برقرار ہے لیکن ابھی تک یہ یقینی نہیں ہے کہ وہ جی سیون اور جی ٹوئنٹی سمٹ کے علاوہ ٹرمپ سے ملاقات کریں گی۔ جی ٹوئنٹی سمٹ جولائی میں جرمن شہر ہیمبرگ میں منعقد کی جا رہی ہے۔ میرکل کے مطابق ٹرمپ کی طرف سے صدر کا عہدہ سنبھالنے تک انتظار کیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ جمعے کے دن صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔