فلوریڈا : سپیس ایکس نے کیلی فورنیا سے راکٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ کر لیا

اتوار 15 جنوری 2017 12:50

فلوریڈا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) خلاء کی تسخیر کے لیے کام کرنے والے ادارے سپیس ایکس نے کیلی فورنیا سے راکٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ کر لیا 70 فٹ لمبا راکٹ وینٹن برگ ایئر فورس کے مرکز سے چھوڑا گیاہے جس کے بھیجنے کا مقصد ابلاغ کے ایک ادارے اریڈیم کمیونیکیشن کے دس سیٹلائٹ خلا میں پہنچانا تھا۔راکٹ بھیجے جانے کے تقریباً دس منٹ کے بعد راکٹ کا پہلا حصہ باقی ماندہ راکٹ سے کامیابی کے ساتھ الگ ہوکر بحر الکاہل میں اپنے پلیٹ فارم پر اتر گیا۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد انہیں دوبارہ استعمال میں لانا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں ایک ایسا ہی تجربہ اس وقت ناکامی کا شکار ہو گیا تھا جب خلا میں بھیجا جانے والا راکٹ آگ لگنے کے بعد دھماکے سے تباہ ہو گیا۔سابقہ حادثے کے بارے میں تحقیقات سے معلوم ہوا تھا کہ راکٹ کے اندر ہیلیم گیس کا ایک کنٹینر پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔ حادثے کے بعد سپیس ایکس نے اپنے راکٹ میں تبدیلیاں کیں ہیں۔راکٹ پھٹنے سے سپیس ایکس کو 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا تھا جب کہ ابلاغ کی ایک اسرائیلی کمپنی کو، جس کے سیٹلائٹ خلائ میں بھیجے جا رہے تھے 20 کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔