ملک کے مختلف شہروں میں برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں اضافہ

سڑکیں اور بجلی بند، عوام شدید مشکلات درپیش ،ضلع کوہلو میں 48 گھنٹے سے بجلی غائب چترال اور سکردو میں درجہ حرارت ایک،مری دو اور استور3، گلگت میں 5 رہا ،محکمہ موسمیات

اتوار 15 جنوری 2017 12:50

اسلام آباد ،کوئٹہ،سکردو، چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) ملک کے مختلف شہروں میں برف باری اور بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، سڑکیں بند ہونے اور بجلی کا نظام معطل ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا بھی سامنا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میںہلکی پھلکی دھوپ سے موسم خوشگوار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر مقامات پر بارش او رپہاڑوں پر برف باری ہو رہی ہے ، ژوب شہر اور گردونوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

قلعہ عبداللہ، چمن میں دوسرے روز بھی تیز ہواں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے جبکہ جڑواں شہروں میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں رات سے اب تک 6 انچ برف باری ہو چکی ہے اور درجہ حرارت منفی ایک ڈگری تک پہنچ گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برف باری کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی مزید اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

برفباری کی وجہ سے کوئٹہ آنے اور جانے والی سڑکیں بند ہو چکی ہیں اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی نیشنل ہائی ویز اور لنک روڈ پر سفر سے گریز کریں۔ ضلع کوہلو میں 48 گھنٹے سے بجلی غائب ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اسی طرح سبی شہر اور گردونواح میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور 12 گھنٹے سے بجلی غائب ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن بند ہو چکی ہے اور اس کی بحالی کیلئے تاحال کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ ادھر سکردو ، چترال سمیت بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پڑی برف کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال اور سکردو میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مری میں درجہ حرارت 2 اور استور میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ، گلگت میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ اور بنوں اور کالام میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :