گلگت بلتستان سے قومی سطح کی سیاسی پارٹی ہمدردان وطن پاکستان کے نام سے رجسٹریشن کے لئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع

سیاسی پارٹی بنا کر عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں ، بانی و چیئرمین شیخ منور حسین ناصری

اتوار 15 جنوری 2017 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلگت بلتستان سے قومی سطح کی سیاسی پارٹی ہمدردان وطن پاکستان کے نام سے رجسٹریشن کے لئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی گئی ہے پارٹی کے بانی و چیئرمین شیخ منور حسین ناصری نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت سے سکردو کی سڑک دفاعی لحاظ سے بہت اہم ہے یہ 200 ارب روپے کا منصوبہ تھا لیکن اس کا 45 ارب روپے میں ٹینڈر کر دیا گیا ہے اگر کوئی قومی لیڈر ایسا ہوتا جس کو اس سڑک کی اہمیت کا اندازہ ہوتا تو وہ اس کا اس طرح سے ٹینڈر نہ کرتا ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے بھر پڑا ہے اگر ہم ان وسائل سے فائدہ اٹھائیں تو ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ملکی قرضے کو بھی اتارا جا سکتا ہے اور دوسرے ملکوں کے لوگ پاکستان میں نوکریوں کے حصول کے لئے آیا کریں گے اور ہم دوسرے ملکوں کو قرضے دیا کریں گے ۔

(جاری ہے)

شیخ منور نے کہا کہ میں سیاسی پارٹی بنا کر عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں جب اپنے لوگوں کو فٹ پاتھ پر پڑے دیکھتا ہوں تو مجھے بہت افسوس ہوتا ہے کہ انتا وسائل بھرا ہوا ملک لیکن عوام فٹ پاتھوں پر سونے کے لئے مجبور ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں گلگت بلتستان میں ہماری حکومت ہو گی میں نے 14 مئی 2016 کی رات دس بجے پارٹی بنانے کا ارادہ کیا کہ میں ایک سیاسی پارٹی بنا کر پاکستان کے عوام کو مشکلات سے نکالوں گا۔

ہمارا منشٰور ہے کہ اگر ہماری حکومت گلگت بلتستان میں بنی تو سب سے پہلے 1200 ایمبرلینسز کا اعلان کیا جائے گا ۔ گلگت بلتستان میں حالات ایسے ہیں کہ آٹھ جماعتیں پاس کرنے والا 13 لاکھ روپے دے کر نوکری حاصل کر لیتا ہے اور کلرکر بن جاتا ہے اس کے بعد وہ سپریٹنڈنٹ بن جاتا ہے لوگ گھر بیٹھ کر تنخواہیں لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیروں کے رشتے دار بغیر ڈیوٹی کے تنخواہیں لے رہے ہیں تعلیم اور صحت کی بہت بری صورت حال ہے طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں کوئی کوالیفائی ڈاکٹر نہیں جو ڈاکٹر بن کر لوگوں کا علاج کر رہے ہیں ان کے پاس ڈگری نہیں ہے ۔

وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا جہاں سب سے زیادہ توجہ تعلیم اور صحت پر نہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن غلام محمد ناصری آئے ہیں جنہوں نے آتے ہی جو لوگ ڈیوٹی پر نہیں آتے ان کی تنخواہیں بند کر دی ہیں اگر سکولوں میں ٹیچر غیر حاضر اور مفت میں تنخواہیں لیں گے تو ہ مارے ملک کے بچے کیسے تعلیم یافتہ ہوں گے ۔

اسی طرح سے تو ہماری نسلیں تباہ ہو جائیں گی ۔ دور دور تک لیبارٹری موجود نہیں ہے جس سے لوگ اپنے ٹیسٹ کروا سکیں لوگوں نے اپنے پرائیویٹ ہسپتال بنا رکھے ہیں جس میں وہ عوام سے اپنی مرضی کی فیسیں وصول کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری پارٹی کے وائس چیئرمین شمس الدین کامل ، جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ برنی ، فنانس سیکرٹری نثار ہیں ۔ ہم نے پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن پاکستان میں درخواست دے دی ہے اور سیاسی حکمت عملی کے تحت عوام سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں ۔ واضح رہے کہ اس پارٹی کی رجسٹریشن کے بعد الیکشن کمیشن میں 335 پارٹیاں ہو جائیں گی ۔۔ (جاوید)