آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر رائونڈ 7سے 21فروری تک سری لنکا کے چار مختلف وینیوز کھیلا جائے گا

ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کی 10ٹیمیں حصہ لیں گی ،ٹیموں کو دو گروپوں اے اور بی میں رکھا گیا ہے

اتوار 15 جنوری 2017 14:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر رائونڈ 7سے 21فروری تک سری لنکا کے چار مختلف وینیوز کھیلا جائے گا ۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کی 10ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ٹیموں کو دو گروپوں اے اور بی میں رکھا گیا ہے ۔گروپ اے میں ایشین چمپئن بھارت ،سری لنکا ،آئرلینڈ ،زمبابوے ،تھائی لینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان ،سائوتھ افریقہ ،بنگلہ دیش ،سکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گائنیاکی ٹیمیں شامل ہیں ۔

ہر سائیڈ پہلے رائونڈ میں چار میچز کھیلے گی پھر ہر گروپ کی ٹاپ تھری ٹیمیں سپر سکس مرحلہ میں شرکت کریں گی اور پھر سپر سکس کی ٹاپ چار ٹیمیں ویمن ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرجائیں گی ۔ویمن ورلڈ کپ 26جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرمیں پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم 5فروری کو سری لنکا کے خلاف اپنا وارم اپ میچ کھیلے گی ۔

ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان اپنا پہلا میچ 7فروری کو سائوتھ افریقہ کی ٹیم کے ساتھ کھیلے گا۔8فروری کو پاکستان اوربنگلہ دیش مد مقابل ہوں گے ۔10فروری کو پاکستان کا میچ پاپوا نیو گائنیاکی ٹیم کے ساتھ ہوگا ۔11فروری کو پاکستان اورسکاٹ لینڈ مد مقابل ہوں گے ۔سپر سکس مرحلہ 15فروری سے شروع ہوگا ۔ سپر سکس کی ٹاپ چار ٹیمیں ویمن ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرجائیں گی جبکہ آسٹریلیا ،انگلینڈ ،نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آئی سی سی ویمن چمپئن شپ میں پہلی چار پوزیشنیں حاصل کرنے کی وجہ سے پہلی ہی ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :