علی گیلانی ،میر واعظ اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے 15روزہ نیااحتجاجی کلینڈر جاری کر دیا 20،26اور27جنوری کو ہڑتال کی کال، بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے بطورمنانے کی اپیل

اتوار 15 جنوری 2017 15:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتملمشترکہ مزاحمتی قیادت نے ایک اور 15روزہ احتجاجی کلینڈر جاری کرتے ہوئے 26جنوری کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے ۔ 20اور27جنوری جمعہ کے روز یوم مزاحمت کے طور مکمل ہڑتال کی جائے گی۔8جولائی 2016سے جاری رہنے والی ایجی ٹیشن کے دوران مشترکہ مزاحمتی قیادت نیگزشتہ روز نیا احتجاجی کلینڈر جاری کیا۔

آج پیر 16جنوری کو کوئی ہڑتال نہیں ہو گی بلکہ مکمل ڈھیل ہوگی ۔ بعد نماز ظہر مشترکہ مزاحمتی قیادت دھرنا دے گی جن میں مزاحمتی کارکنان بھی شرکت کریں گے۔17جنوری منگل سے جمعرات 19جنوری تک مکمل ڈھیل ہوگی جبکہ 20جنوری جمعہ کو یوم مزاحمت کے بطور منایا جائے گا اور نماز جمعہ کے بعد وادی بھر میں پر امن احتجاج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس روز کوئی ڈھیل نہیں ہوگی۔

21جنوریہفتہ کو مکمل ڈھیل ہوگی تاہم اس روز تاجر ایک گھنٹے کا دھرنا دیں گے۔کلینڈر کے مطابق اتوار22جنوری کو مکمل ڈھیل ہوگی۔23جنوری کو مکمل ڈھیل ہوگی تاہم اس دوران مزاحمتی قائدین و کارکنان ظہر کے بعد مشترکہ طور دھرنا دیں گے۔24اور25جنوری کو بھی مکمل ڈھیل ہوگی جبکہ26جنوری بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقعہ پر یوم سیاہ منانے کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں سے کہاگیا ہے کہ وہ اس روز سیول کرفیو کا اہتمام کریں۔27جنوری جمعہ کو بھی مکمل ہڑتال ہوگی اور اس روز یوم مزاحمت کے طور پر منایاجائے گا جبکہ نماز جمعہ کے بعد احتجاج ہوگا۔28جنوری سے 31جنوری تک مکمل ڈھیل ہوگی جبکہ30جنوری کومزاحمتی قائدین و کارکنان کی جانب سے مشترکہ طور دھرنا دیا جائے گا۔