مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے صحت ، تعلیم ، بجلی اور تعمیرات کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے ہیں‘ صوبائی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن

اتوار 15 جنوری 2017 16:40

گلگت۔ 15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت نے صوبے کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد اب تک کی مدت میں سنجیدگی سے عوام کی فلاح کے منصوبوں پر کام کیا ہے۔ کسی بھی حکومت کے ہاتھ میں جادو کا چراغ نہیں ہوتا مگر واضح پلاننگ اور دور رس اقدامات کے زریعے خطے کی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، ہماری حکومت نے وزیر اعلی گلگت بلتستان کی قیادت میں روز اول سے ہی صیح سمت کا تعین کر لیا تھا اور حکومت کے ابتدائی ڈیڑھ برسوں میں صحت ، تعلیم ، بجلی اور تعمیرات کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے جا چکے ہیں۔

اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاور سیکٹر سمیت تعلیم و صحت کا شعبہ بتدریج بحالی اور بہتر کی جانب گامزن ہے، صوبائی حکومت میرٹ اور معیاری کام کے لیئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں یہ اہم ترین شعبے جن سے آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ تھا کچھ لوگوں کے زاتی مفادات کی بھینٹ چڑھ کے زبوں حالی کا شکار ہو چکا تھا، حالیہ حکومت نے میرٹ کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بہتر بنانے پر کام کیا ہے۔

نئے ڈاکٹر ز کی تعیناتی، نادار اور مستحق مریضوں کے لیے صحت کارڈز کا اجراء اور محکمہ تعلیم میں باقاعدہ ٹیسٹ اور انٹریوز کے تحت قابل اور تدریس کے لیے موزوں امیدواروں کی تعیناتی جیسے اقدامات سے صوبے میں اصلاحات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی ، دور دراز کے علاقوں مین ڈا کٹرز کی دستیابی کو یقینی بنانے سمیت بڑے شہروں میں بیماریوں کی تشخیص کے لیے جدید مشینوں کا حصول اس حکومت کی اہم ترین کامیابی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے حکومت کی جانب سے عوام دوست اقدامات کے بارے میں مزید بتایا کہ بلاشبہ گلگت بلتستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اور یہاں کی عوام اپنی محنت اور لگن سے اس خطے کو پاکستان کے دیگر علاقوں کے برابر ترقی یافتہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ عوام کو یقین ہے کہ سی پیک سمیت دیگر معاشی و ترقیاتی سرگرمیوں سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائے گی۔