موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے، اسد قیصر

جب بھی الیکشن کا وقت قریب آتا ہے تو اے این پی کو صوابی کے عوام کی یاد ستانے لگتی ہے،پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت عوام پر عیاں ہوچکی ہے ،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

اتوار 15 جنوری 2017 17:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جب بھی الیکشن کا وقت قریب آتا ہے تو اے این پی کو صوابی کے عوام کی یاد ستانے لگتی ہے۔لیکن پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت اس صوبے کی عوام پر عیاں ہوچکی ہے اور اب وہ مزید ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے خراڑے ضلع صوابی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خراڑے صوابی کی اے ا ین پی اورد یگرسیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے اپنی اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔سپیکر اسد قیصر نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف پارٹی مزید مضبوط ہوگی بلکہ علاقے کی ترقی و خوشحالی اور یہاں کے عوام کے مسائل حل کرنے میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

تقریب سے اپنے خطاب میں اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور ان سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی بدولت آج دیگر جماعتوں کے لوگ بھی اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جس سے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔اسد قیصر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں صوابی سمیت صوبے کے دیگر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھلا کر صرف اقتدار کے مزے لوٹتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں وومن یونیورسٹی ،گجوخان میڈیکل کالج کے قیام ،صوابی سپورٹس کمپلیکس اور کنڈل ڈیم کی تعمیر سمیت دیگر کئی بڑے منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔سپیکر نے کہا کہ صوابی کے تمام علاقوں کو گیس کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھانے کے علاوہ عدالتی سطح پر بھی بھرپور جدو جہد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان انٹر چینج پر انڈسٹریل زون کے قیام اور نبی میں ائیر فورس کے تعاون سے کیڈٹ کالج،500 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر سے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ روزگارکے بھرپور مواقع میسر آنے کے ساتھ صوابی کی معاشی ترقی و خوشحالی کا خواب بھی پورا ہوگا۔