پاکستان مسلم لیگ ن ملکی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے،رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمداکرام

اتوار 15 جنوری 2017 18:20

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمداکرام نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملکی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے اور وفاق اور صوبے میں قائم حکومتیں عوام کو در پیش مسائل کے سدباب کیلئے کوشاں ہیں ‘ عوامی مسائل اور مشکلات کے ازالہ کیلئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی کوششیں رنگ لارہی ہیں اور ملک حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رابطہ آفس سیالکوٹ میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوسی چیئرمین محمودالحسن بابر خاں، شیخ ناصر، چودھری سیف اللہ، حمید ڈار ، نجم الحسن چودھری اور مرزا اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری محمد اکرام نے کہاکہ ملکی ترقی کے ثمرات سے عام آدمی تک پہنچانے کیلئے عوام الناس سے قریبی رابطے میں ہیں اوراس سلسلہ میں در پیش شکایات کے ازالہ کیلئے ہفتہ وار کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں پر مسلم لیگ ن کے وزراء ، منتخب عوامی نمائندگان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے حکام کی موجودگی میں مسائل حل کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کا منشور ملک کو مضبوط اور ترقیافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی خوشحالی ہے اور ان مقاصد کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔