پنجاب بھر میں 1068اسکول مانیٹرنگ عملے میں پیکیج کی تقسیم، تنخواہوں میں اضافہ کر دیا گیا ،مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،رانا مشہود

اتوار 15 جنوری 2017 19:30

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میںطلبا و طالبات کومعیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈیپارٹمنٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میںمانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس میں ہنڈا 125موٹر بائیکس اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خاں نے مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس کی ماہانہ تنخواہوں میں تقریبا 40 فیصد اضافے کا اعلان کیا جس کے بعد ان کی ماہانہ تنخواہ 26ہزار ہو گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے ان کی تنخواہوں میں ایک ہزار روپے سالانہ اضافے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کارآمد مانیٹرنگ کے لئے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت مستقبل میں بھی مانیٹرنگ کے عمل کومزید شفاف بنانے کے لئے کوشاں رہے گی۔صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی مانیٹرنگ فورس کے کارآمد عمل کی وجہ سے دوسرے محکمے اور یہاں تک کے دوسرے صوبے بھی اس ماڈل پر عمل کر رہے ہیں۔

موٹر بائیکس اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فراہمی اور تنخواہوں میں اضافہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس کی انتھک محنت اور صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مسائل کے باوجود ڈیٹا اکھٹا کرنے پر مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس کو اچھی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ڈیپارٹمنٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں منعقد ہونے والی ایک پر وقار تقریب کے دوران اسکول مانیٹرنگ عملے کی صلاحیت میں اضافے اور ان کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے ایم ای اے پیکج کی تقسیم کی گئی۔

اس پیکج کے تحت صوبے بھر کے تمام 1068 مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس کوتنخواہوں میں ماہانہ اور سالانہ اضافے کے ساتھ ساتھ 125 سی سی موٹر سائیکلیں، جدید ٹیبلیٹ کمپیوٹرز بھی دیے گئے۔مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس ہی کی کاوشوں سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تمام سکولوں کا ڈیٹا، رزلٹس، ڈسٹرکٹ پرفارمنس رپورٹس، ٹیچرز پرفارمنس، سکولوں میں فرنیچرز، کمپیوٹر لیبز اور دیگر سہولیات کی موجودگی سمیت تمام متعلقہ شعبوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اس سے قبل اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سپیشل سیکرٹری عمران سکندر بلوچ اور پی ڈی ڈی ایس ڈی رمضان سعید نے شرکاء کا استقبال کیا اور شفاف مانیٹرنگ جاری رکھنے کے عزم کاا عادہ کیا۔اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے شروع میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن اسسٹنٹس کو 8 ہزار لمپ سم تنخواہ اور 125 سی سی موٹر سائکل بمعہ پٹرول بھرتی کیا تھا۔ اس عملے کی تنخواہوں میں 2013 میں 33 فیصد جبکہ 2015 میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔

مانیٹرنگ کے عملے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لئے 2014 میں بھی مانیٹرنگ اینڈ ایوالوایشن اسسٹنٹس کو ٹیبلیٹ کمپیوٹرز دئے گئے تھے جبکہ ہفتے کی تقریب میں اس عملے کی صلاحیت میں اضافے کی مہم کے تحت ان کو جدید موٹر سائکلیں اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز بھی فراہم کر دئے گئے ہیں تا کہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں سرانجام دے سکیں۔تقریب کے دوران صوبائی وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے مانیٹرنگ اینڈ ایوالوایشن اسسٹنٹس میں موٹر بائیکس اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز تقسیم کیے۔