چودھری نثار علی خان کے خلاف سازشیں کرنیوالے ناکام ہونگے،ملک حفیظ اعوان

سیاسی جماعتیں اپنا قد کاٹھ اونچا کرنے کیلئے وزیرداخلہ پر تنقید کررہی ہیں،نومنتخب چیئرمین

اتوار 15 جنوری 2017 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما وراولپنڈی سے نومنتخب چیئرمین ملک حفیظ اعوان نے کہاہے کہ وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان پر انگلیاں اٹھانے والے مایوسی کا شکار ہیں،چودھری نثار علی خان کی قائدانہ صلاحیتوں اور عوام میں دن بدن مقبولیت کی وجہ سے مخالفین دلبرداشتہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان محب وطن ہیں آج ایک سیاسی ٹولہ ان کے خلاف گٹھ جوڑ اور سازش کرنے میں مصروف ہے مگر وہ ناکام اور نامراد ہونگے۔

(جاری ہے)

جاری اپنے بیان میں ملک حفیظ اعوان نے مزیدکہاکہ چودھری نثار علی خان نے ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے جرات مندانہ فیصلے کرنے اورپاکستان کی سلامتی کیلئے جو بھی اقدام کئے اس پر ہمیں فخر ہے،چودھری نثارعلی خان نڈر اور بے باک شخصیت ہیں ان پر انگلی اٹھانے والے اپنے گریبان میں جھانکیں،کچھ سیاسی جماعتیں اپنا قدکاٹھ اونچا کرنے کیلئے چودھری نثارعلی خان پر تنقیدکررہی ہیں مگر انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

مسلم لیگی رہنما ملک حفیظ اعوان نے کہاکہ آج پاکستان کے غیورعوام چودھری نثارعلی خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ہم سب ان کے اشارے پر کسی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔