واپڈا میں02فروری کوقومی سطح پر ریفرنڈم ہو گا، انتخابی سرگرمیاں شروع

مزدور دشمن ٹولے کو چھٹی بار بھی عبرتناک شکست دیں گے،ہائیڈرو یونین

اتوار 15 جنوری 2017 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2017ء) پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی ادارے واپڈا میں اجتماعی سودا کاری ایجنٹ (سی بی ای) کے تعین کیلئے اگلے ماہ کی 02 تاریخ کو ہونے والے ریفرنڈم کیلئے موجودہ سی بی اے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے بھرپور انتخابی سرگرمیوںکا آغاز کر دیا ہے اس سلسلے میں یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل خورشید احمد اپنے رفقاء مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی، چیئرمین گوہرتاج، جوائنٹ صدر حاجی محمد رمضان اچکزئی، آئیسکو اسلام آباد کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل، محمد رمضان جدون اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ خیبر پختونخوا کے دورہ پر روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ سوموار کو تربیلہ، غازی بروتھہ اور دوسرے مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے جبکہ منگل کو راولپنڈی میں اسلام آبادریجن کے عہدیداروں کا اجلاس ہو گا۔

(جاری ہے)

ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد کے مطابق واپڈا میں 02فروری 2017 کو قومی سطح پر ریفرنڈم اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں منعقد ہو رہا ہے۔فاضل جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل عدالت کے سنگل بنچ نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی دائر کردہ رٹ نمبر 02-W/2017 پر مورخہ 14نومبر کے فیصلے میں رجسٹرار ٹریڈ یونینز این آئی آر سی کو 30 یوم کے اندر ریفرنڈم کرانے کے احکامات جاری کیے تھے تاکہ واپڈا ملازمین ووٹ کا آئینی و قانونی حق استعمال کر کے اگلے تین سال کیلئے اپنی نمائندہ قیادت منتخب کر سکیں۔

دریں اثنا مذکورہ فیصلے کی عدم تعمیل پر ہائیڈرو یونین کی جانب سے دائر کردہ توہین عدالت کی درخواست پراسلام آباد ہائی کورٹ نے جوائنٹ رجسٹرار کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ رجسٹرار ٹریڈیونینز پنجاب کو بھی اس حکم بارے خود مطلع کریں کہ وہ میپکو سمیت کسی بھی بجلی کمپنی میں علیحدہ ریفرنڈم کروانے کی کوئی کارروائی نہ کرے ۔سجاد حسین ساجدنے بتایا کہ واپڈا ریفرنڈم پاکستان میں قومی انتخابات کے بعد سب سے بڑا انتخابی معرکہ ہوتا ہے جس میں کوئٹہ سے پشاور تک واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کے قریب ملازمین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اس سلسلے میں توقع ہے کہ ملک بھر میں تین سو پچاس سے زائد پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

ہائیڈرو یونین حسب سابق پانچ ستاروں والے سبز پرچم کے نشان کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی۔ یہ چھٹا ریفرنڈم ہے قبل ازیں ہونے والے پانچوں ریفرنڈموں میں بزرگ مزدور راہنما خورشید احمد کی قیادت میںہائیڈرو یونین فتح یاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیور اور باشعور کارکن اپنے ووٹ کی طاقت سے مزدور دشمن ٹولے کو ایک بار پھر شکست فاش دیں گے اور مسلسل چھٹی بار سی بی اے کا تاج ہائیڈرو یونین کے سر پر رکھ کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ یاد رہے اس قومی ریفرنڈم کو رکوانے اور ادارے کو سولہ کمپنیوں میں تقسیم کروانے کی کوشش کو عدالتی سطح پر رد کردیاگیا ہے جس پر ملک بھر میں واپڈا محنت کشوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :