عام انتخابات 2018 میں باشعور عوام دھرنا گروپ کا ایک بار پھر دھڑن تختہ کرینگے‘شہبازشریف

باشعور عوام نے ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام بنائی ہیں یہ عناصر ترقی سے خائف ہیں ، انہیں علم ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہو گئے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی کاشتکاروں کے مفادات کا ہر سطح پر بھرپور تحفظ کیا ہے، کسی کو انکے مفادات کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 15 جنوری 2017 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اپنی محنت سے زمین سے غلہ اگانے والے کاشتکار میرے بھائی ہیں، کاشتکاروں کا مفاد اور بہبود مجھے دل و جان سے عزیز ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر سطح پر بھرپور تحفظ کیا ہے اور کسی کو کسانوں کے مفادات کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،فی ایکڑ زرعی پیداوارمیں اضافے اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کیلئے تاریخ ساز کسان پیکیج دیا گیاہے ،موجودہ حکومت کے دور میں زراعت کی ترقی اور کسانوں کی بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح کے اقدامات خلوص نیت سے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

زراعت کو معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود معیشت کے استحکام میں لازم و ملزوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی کسانوں کی خوشحالی اورزرعی پالیسی مرتب کرنے کیلئے پنجاب ایگریکلچرکمیشن تشکیل دیا جا چکا ہے اور کمیشن میں کاشتکار بھائیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے کسانوں کو بھرپور نمائندگی دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہعوام کے مسائل محض بیانات سے حل نہیں ہوتے بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور آئندہ 18 ماہ میں ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے۔ انشاء اللہ جلد ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے۔ موجودہ حکومت کے دور میں منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہمارے دور کے منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام نے ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں ناکام بنائی ہیں اور شکست خوردہ عناصر عام آدمی کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے میں آئندہ بھی ناکام ہوں گے۔ ایسے عناصر صرف اور صرف ترقی کے عمل سے خائف ہیں کیونکہ انہیں بخوبی علم ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہو گئے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں باشعور عوام دھرنا گروپ کا ایک بار پھر دھڑن تختہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط احمد ڈاہا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :