حکومت نے پٹرو لیم قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کر کے کسانوں، مزدوروں اور عوام پر بد ترین وار کیا ہے،خورشید شاہ

اس اقدام سے نہ صرف عوام کو انفرادی نقصان بلکہ مجموعی ملکی معیشت بھی متاثر ہوگی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت ان کی زندگی اجیرن کر رہی ہے،بیان

اتوار 15 جنوری 2017 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کر کے نہ صرف عام عوام بلکہ کسانوں اور مزدوروں پر بد ترین وار کیا ہے اور حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف عوام کو انفرادی نقصان ہوگا بلکہ مجموعی ملکی معیشت بھی متاثر ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے کسان پیکج کا اعلان کیا اور پھر کھاد پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرکے کسان دشمنی کا بد ترین ثبوت دیا۔ مگر پھر اپوزیشن کے دباو پر وہ فیصلہ واپس لے لیا اور اب پٹرول اور قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو لوٹنے کا نیاحربہ ازمایا ہے۔

(جاری ہے)

مگر سبسڈی کے خاتمے کے فیصلے کی طرح حکومت کو یہ فیصلہ بھی واپس لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت ان کی زندگی اجیرن کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں اور وہ سستا پٹرول اورڈیزل خرید کر عوام کو انتہائی مہنگے داموں فروخت کررہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلی کے اندر اور باہر اس اضافے کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی اور ہم کسی صورت یہ برداشت نہیں کریں گے کہ حکومت کے بلاجواز اقدامات کی وجہ سے عوام کی زندگی مشکل بنا دی جائے اور ہماری معیشت کا پہیہ جام کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس عوام کے پاس نہ بجلی ہے اور نہ گیس مگر حکومت نے بلوں اور ٹیکسوں اور مہنگائی کی صورت میں عوام کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔