وزیراعلیٰ شہبازشریف سے رکن قومی اسمبلی اویس لغاری کی ملاقات، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں ملتان میں میٹرو بس پراجیکٹ آخری مراحل میں ہے اور یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے شاندار تحفہ ہے وزیراعظم کی قیادت میں ترقی کا سفر پہلے سے بڑھ کرجاری و ساری رہے گا،شہباز شریف وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں،اویس لغاری

اتوار 15 جنوری 2017 20:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے رکن قومی اسمبلی اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس میںجنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی بہت عزیزاورمقدم ہے اور میں ذاتی طور پر جنوبی پنجاب میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کی نگرانی کر رہا ہوں۔

انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کیلئے 173 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں اور جنوبی پنجاب میں متعدد میگاپراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے، جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹرو بس پراجیکٹ کی تکمیل آخری مراحل میں ہے اور میٹرو بس کا منصوبہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

منصوبہ مکمل ہونے سے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید اور تیز رفتاری سفری سہولتیں میسر آئیں گی،انہوںنے کہاکہ فلاح عامہ کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والے مٹھی بھر سیاسی عناصر عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور پاکستان کے باشعورعوام ایسے عناصر کو بری طرح مسترد کرچکے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا شعارہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی کا سفر پہلے سے بڑھ کرجاری و ساری رہے گا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی یہاں کے عوام سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔