Live Updates

عوام تخت لاہور سے تنگ آچکے ،نیا پاکستان چاہتے ہیں، پاناما کیس کے بعد عوام کو ان سے نجات مل جائیگی، عمران خان

کرپشن کا کینسر ختم نہ ہونے تک غربت ختم نہیں ہوگی، ڈر ہے وزیراعظم کے وکیل عدالت میں یہ نہ کہہ دیں نوازشریف کو وزیراعظم ہونے کی وجہ سے کرپشن کی اجازت دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کا ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب

اتوار 15 جنوری 2017 20:40

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عوام تخت لاہور سے تنگ آچکے ،لوگ نیا پاکستان چاہتے ہیں، پاناما کیس کے بعد عوام کو ان سے نجات مل جائیگی، وزیراعظم نے قوم کا پیسا چوری کرکے منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر بھجوایا اور بچوں کے نام سے جائیدادیں خریدیں، کرپشن کا کینسر ختم نہ ہونے تک غربت ختم نہیں ہوگی، ڈر ہے وزیراعظم کے وکیل عدالت میں یہ نہ کہہ دیں کہ نوازشریف کو وزیراعظم ہونے کی وجہ سے کرپشن کی اجازت دی جائے۔

ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نے پاکستانی قوم کا پیسا چوری کرکے منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر بھجوایا اور ملک سے باہر بچوں کے نام سے جائیدادیں خریدیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرپشن کرتے ہیں وہ اپنے نام سے کوئی جائیداد نہیں بناتے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 1993 میں لندن میں فلیٹ خریدے جن کیلئے پیسے یہاں سے بھجوائے گئے، مریم نواز کے فلیٹس مالک ہونے کا انکشاف ہوا تو قطری شہزادے کا جھوٹا خط لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز فلیٹس کی مالک ثابت ہوگئیں تو نواز شریف کی چھٹی ہو جائیگی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی جنگ ہم سب کی جنگ ہے اور اگر یہ جیت گئے تو نیا پاکستان بن جائے گا، کرپشن کا کینسر ختم نہ ہونے تک غربت ختم نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ عوام تخت لاہور سے تنگ آچکے ہیں،لوگ نیا پاکستان چاہتے ہیں، پاناما کیس کے بعد عوام کو ان سے نجات مل جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی کم سے کم 500 ارب روپے کی جائیداد یا بینک بیلنس ملک سے باہر ہے، پاناما پیپرز اسکینڈل میں جس دولت کا ذکر ہے وہ تو کچھ بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ میں کرپشن کی ٹیم بنا رہا ہوں جس کا کپتان نواز شریف کو مقرر کرونگا، عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل عدالت میں کہتے ہیں وہ وزیراعظم ہیں، ان کیخلاف الزامات لگانے کے ثبوت فراہم کرنے پڑینگے، انہوں نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ آنیوالے دنوں میں ان کے وکیل یہ نہ کہیں کہ نواز شریف کو وزیر اعظم ہونے کی وجہ سے کرپشن کرنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید نہیں تھی کہ اتنی سردی میں بھی اتنے لوگ آئینگے،بڑی تعداد میں شریک ہونے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے آسٹریلیاکیخلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم پانچوں میچ ہار گئی ہے، میرا مشورہ ہے کہ نواز شریف اور نجم سیٹھی خود میچ کھیلنے جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات