وزیراعلی خیبرپختونخوا کاڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میںبجلی، پانی ،صفائی کے انتظامات کو دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کاحکم

ہنگو میں ہائوسنگ سکیموں کا ماسٹر پلان آئندہ بدھ کو پیش کرنے ، سکیموں پر کام شروع کرنے ،پلاٹس کی الاٹمنٹ کا طریق کار وضع کرنے کی ہدایت

اتوار 15 جنوری 2017 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو میںبجلی، پانی اور صفائی کے انتظامات کو دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کیا جا سکے۔ انہوںنے ہنگو میں ہائوسنگ سکیموں کا ماسٹر پلان بھی آئندہ بدھ کو پیش کرنے ، سکیموں پر کام شروع کرنے اور پلاٹس کی الاٹمنٹ کا طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ۔

وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع ہنگو میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیر برائے تعلیم محمد عاطف خان، رکن صوبائی اسمبلی شاہ فیصل، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوںکی پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہنگو میں یونیورسٹی کیمپس اور پریس کلب افتتاح کیلئے تیار ہیں جبکہ فرید خان شہید ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بجلی کی علیحدہ لائن ، واٹر سپلائی اور صفائی کے مستقل انتظا مات میں مسائل کا سامنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ انتظامات کو دو ہفتوں کے اندر حتمی شکل دی جائے ، وزیراعلیٰ نے ہنگو میں مین روڈکو ڈبل کر نے کے منصوبے کا تخمینہ لاگت پیش کرنے اور تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے اندر اور باہر دونوں طرف صفائی کے مکمل انتظامات کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ہنگو میں ہائوسنگ سکیموں پر کام کی تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ دستیاب اراضی پر بلا تاخیر کام شروع کریں۔

وزیراعلیٰ نے مستحق افراد کو میرٹ کی بنیاد پر پلاٹس کی فراہمی کا طریق کار وضع کرنے کا حکم دیا ۔انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت دستاب وسائل کو غریب عوام کی فلاح میں خرچ کر رہی ہے تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ہو سکے۔وزیراعلیٰ نے منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ سکیموں کی شفافیت یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اعتراضات کرنے کی بجائے غلط کام کو روکیں یہ انکی ذمہ داری بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :