کوئٹہ ، بارش اور برفباری کی وجہ سے قومی بین الصوبائی اور انٹرنیشنل سڑکیں بند

ہزاروں گاڑیاں کوئٹہ کراچی ،کوئٹہ سبی ،کوئٹہ چمن ،کوئٹہ ،زیارت اور کوئٹہ لورالائی کی سڑکوں پر پھنس گئیں ،مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

اتوار 15 جنوری 2017 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2017ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں ہونے والی بارش اور برفباری کی وجہ سے کوئٹہ کی قومی بین الصوبائی اور انٹرنیشنل سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں کوئٹہ کراچی ،کوئٹہ سبی ،کوئٹہ چمن ،کوئٹہ ،زیارت اور کوئٹہ لورالائی کی سڑکوں پر پھنس گئیں جس کی وجہ سے گاڑیوں میں سوار خواتین بچوں سمیت دیگر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر قلات ،خضدار اور کوئٹہ سبی شاہراہ پر بولان اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر کوژک اور کوئٹہ لورالائی شاہراہ پر خانوزئی اور کوئٹہ زیارت شاہراہ پر برفباری کی وجہ سے سڑک بند ہونے کے باعث ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حکومت نیشنل ہائی وے اتھارٹی ،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کو بھی سڑکوں پر جمنے اور جمع ہونے والی برف کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ شدید برفباری کے باعث شاہراہوں کی بندش کو کھولا جاسکے اور شدید سردی اور برفباری کے دوران مختلف علاقوں میں ٹریفک جام اور اس میں پھنسے ہوئے مسافروں کو اس مصیبت سے نجات دلائی جاسکے حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی ناگہانی آفت یا مشکل صورتحال میں پھنسے ہوئے عوام کو بحفاظت اپنی منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں’’آن لائن‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینی چاہئیں تاکہ اس مشکل وقت میں سفر کرنے والے ٹرانسپورٹروں اور شہریوں کو ان مشکلات سے نجات دلا کر انہیں بحفاظت ان کی منزل تک پہنچایا جاسکے