سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی انہیں کشمیری عوام سے دور کرنے کی ایک سازش ہے ‘غلام نبی سمجھی

محبوبہ مفتی کو خیالات کی جنگ پر یقین ہوتا تو90سالہ سید علی گیلانی کو اس عمر میںگھر میںمسلسل نظر بند نہ رکھا جاتا

پیر 16 جنوری 2017 12:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء غلام نبی سمجھی نے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اوراسکی کٹھ پتلی انتظامیہ انہیں ایک سازش کے تحت منظر عام سے ہٹانے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت حکومت اور بھارت نواز سیاست دان سید علی گیلانی کوکشمیری عوام سے دور رکھ کر قوم کی جدوجہد آزادی کو کمزورکرناچاہتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ خیالات کی جنگ کی دہائی دینے والوں نے جموںو کشمیر کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرکٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کو خیالات کی جنگ پر یقین ہوتا تو90سال کے بزرگ سید علی گیلانی کو اس عمر میںگھر میںمسلسل نظر بند نہ رکھا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کوعوام سے دور رکھنے کی کوشش میں ان کی قدر و منزلت مزید بڑھ جائے گی اور عوام کے دلوں میں ان کی محبت اور احترام میں اور اضافہ ہوگا۔

حریت رہنماء نے کٹھوعہ میں ہندو انتہاپسندوںکی طرف سے مسلمانوںپر حملے کو پوری ملت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ’’آر ایس ایس مسلمانوں کا قتل عام کرکے جموں خطے میں مسلمانوںکی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتی ہے۔تاہم انہوںنے کہاکہ کسی بھی صورت میںاس کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔انہوں نے جموں کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ آر ایس ایس اوربی جے پی کی مسلم دشمن سرگرمیوں کا منظم ہوکر مقابلہ کریں اور کسی بھی صورت میںہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے مرعوب نہ ہوں۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اور قیادت کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح بھارت کی چالوں کا مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :