نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

کیویز نے 217 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کین ولیمسن کی سنچری

پیر 16 جنوری 2017 12:13

ویلنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں 160 پر ڈھیر ہوگئی، نیوزی لینڈ نے 217 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، کپتان کین ولیمسن نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی، ٹام لیتھم کو پہلی اننگز میں 177 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ویلنگٹن میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 66 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اس کے بلے باز کیوی پیسرز کو جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم160 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صابر رحمان 50 ، امرالقیس 36 ، تمیم اقبال 25 اور مومن الحق 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

ٹرینٹ بولٹ نے تین جبکہ مچل سینٹنر اور نیل ویگنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں 56 رنز کی برتری کی وجہ سے بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 217 رنز کا ہدف دیا، میزبان ٹیم نے کپتان کین ولیمسن کی شاندار سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ولیمسن نے کیریئر کی 15 ویں سنچری سکور کی اور وہ 104 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ روس ٹیلر 60 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ مہدی حسن مرزا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹام لیتھم کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :