وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ڈیووس روانہ

عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس کل ڈیوس میں منعقد ہو گا،پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم نواز شریف کرینگے

پیر 16 جنوری 2017 12:21

وزیراعظم ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لئے ڈیووس روانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) وزیراعظم نواز شریف ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ۔ دورے کے دوران وزیراعظم سوئٹزرلینڈ کے صدرسے ملاقات اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس سترہ جنوری کو سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں منعقد ہو گاجبکہ فورم کے سینتالیسویں تین روزہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم نواز شریف کرینگے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈیووس میں قیام کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت دیگر اہم عالمی رہنماؤں اور تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعظم ان ملاقاتوں میں پاکستان کی معاشی صورت حال میں مزید بہتری لانے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے جیسے موضوعات پر بات کریں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ورلڈ اکنامک فورم نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ سابق آرمی چیف اجلاس کے دوران انسداد دہشت گردی کے موضوع پر خطاب کرینگے۔ اجلاس میں فلم ساز شرمین عبید چنائے، بھارتی ہدایت کار کرن جوہر اور گلوکارہ شکیرہ کے علاوہ سیاستدانوں، سماجی کارکنوں اور فن کاروں سمیت مختلف شعبوں کی نمائندہ شخصیات شرکت کریں گی۔