اسرائیلی فوج کی غزہ میں حماس کے مراکز پر گولہ باری،جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی

پیر 16 جنوری 2017 13:53

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری مراکز پر توپخانے سے گولہ باری کی تاہم اس گولہ باری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔فلسطینی اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی گولہ باری سے قبل غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک فوجی گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بھی دعوی کیا گیا ہے کہ جنوبی غزہ میں حماس کی طرف سے کی گئی فائرنگ کے جواب میں حماس کے عسکری مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم فوج کی طرف سے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔غزہ میں حماس کی حکومت کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر الفخاری کے مقام پر اسرائیلی فوج نے توپخانے سے گولہ باری کی۔ اسرائیلی فوج کے ٹینک اور بلڈوز غزہ میں داخل ہوئے اور سرحدی دراندازی کا ارتکاب کیا گیا تاہم فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :