جماعت اسلامی نے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی

وزیراعظم نے جان بوجھ کر جائیداد اور لندن فلیٹس کو چھپایا ،وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے، نااہل قرار دیا جائے،جماعت اسلامی

پیر 16 جنوری 2017 13:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2017ء) سپریم کورٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کردی گئی ۔ پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم کو فریق نہ بنانے پر جماعت اسلامی نے وزیر اعظم نوازشریف کے خلاف دوبارہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے غیر قانونی طریقے سے رقوم ملک سے باہر بھجوائیں جب کہ رقوم غیر قانونی منتقل کر کے بیرون ملک جائیدادیں اور آف شور کمپنیاں بنائیں، اس وجہ سے شریف فیملی کا نام پاناما لیکس میں آیا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے لندن میں فلیٹس بھی خریدے اور لندن فلیٹس خریدتے وقت پاکستان میں ٹیکس نہیں دیا، وزیراعظم نے جان بوجھ کر جائیداد اور لندن فلیٹس کو چھپایا جس کے بعد وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں طلب کرنے کی درخواست جمع کرائی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاناما کیس میں تمام انگلیاں وزیراعظم اوران کے خاندان کی طرف اٹھ رہی ہیں، عدالت میں نواز شریف موضوع بحث ہیں، ملک سے باہر رقوم منتقل کرنے کے بارے وزیر اعظم ہی صحیح بتا سکتے ہیں اس لیے سپریم کورٹ وزیراعظم کوعدالت طلب کرے۔