ورلڈ کپ کوالیفائر جیتنے کے جذبے سے سری لنکا جائیں گے،نین عابدی قومی ویمن ٹیم کا اثاثہ ہیں،مینجر قومی ویمن کرکٹ عائشہ اشعر کی گفتگو

پیر 16 جنوری 2017 14:14

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر نے کہا ہے کہ نین عابدی قومی ویمن ٹیم کا اثاثہ ہیں اور ٹیم کو ان کی بہت ضرورت ہے ،آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔سوموار کے روز اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عائشہ اشعر نے کہاکہ دنیا کی دیگر خواتین کرکٹرز بھی شادی کرتی ہیں لیکن ازدواجی زندگی ان کی کارکردگی کی راہ میں حائل نہیں ہوتی ۔

نین عابدی شادی کے باوجود جم میں اپنی ٹریننگ جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ کراچی میں جاری قومی ویمن ٹیم کے تربیتی کیمپ میں آئندہ چند دن تک رپورٹ کرینگی۔نین عابدی قومی ویمن ٹیم کا اثاثہ ہیں اور ٹیم کو ان کی بہت ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور کیمپ میں نین عابدی کے سوا تمام کرکٹرز اپنی ٹریننگ کررہی ہیں ۔

ویمن کرکٹرز کے حال ہی میں فٹنس ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی اچھی رپورٹ آئی ہے ۔عائشہ اشعر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ویمن ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا پول مشکل ہے ۔آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر 7سے 21فروری تک سری لنکا کے چار مختلف وینیوز میں ہوگا ۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک کی 10ٹیمیں حصہ لیں گی ۔

ٹیموں کو دو اے اور بی گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔گروپ اے میں ایشین چیمپئن بھارت ،سری لنکا ،آئرلینڈ ،زمبابوے ،تھائی لینڈ جبکہ گروپ بی میں سائوتھ افریقہ ،پاکستان ،بنگلہ دیش ،سکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنی کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ہر سائیڈ پہلے رائونڈ میں چار میچز کھیلے گی پھر ہر گروپ کی ٹاپ تھری ٹیمیں سپر سکس مرحلہ میں شرکت کریں گی اور پھر سپر سکس کی ٹاپ چار ٹیمیں ویمن ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرجائیں گی۔

پاکستان کی ٹیم اپنے گروپ میں شامل دیگر تمام ٹیموں کو ماضی میں شکست دے چکی ہے اور وہ ورلڈ کپ کوالیفائر جیتنے کے جذبے سے سری لنکا جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرنے والی کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا ۔ہر ٹیم کے خلاف کھیل کے ہر شعبے میں بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ قومی ویمن ٹیم ورلڈ کپ سے دس روز قبل 27جنوری کو سری لنکا کے لئے روانہ ہوگی تاکہ قومی ویمن کرکٹرز وہاں کی کنڈیشز سے ہم آہنگ ہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :