نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کرنے کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس ، جواب جمع کرانے کا حکم

پیر 16 جنوری 2017 14:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کرنے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت ،نیپرا ،مشترکہ مفادات کونسل اوروزارت پانی و بجلی کونوٹس جاری کرتے ہوئے 20جنوری تک جواب طلب کرلیا ۔ گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین و دیگر کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم نے غیر آئینی طور پر نیپرا کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کیا حالانکہ بجلی اور ریگولیٹرز پرپالیسیاں بنانا مشترکہ مفادات کونسل کا کام ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ نیپرا کو وزارت کے ماتحت کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دے ،نیپراایکٹ کی دفعہ7کی ضمنی دفعہ6کوغیرقانونی قراردیاجائے اور وفاقی حکومت کے رولز آف بزنس کی دفعہ 3 کی ضمنی دفعہ 3 کو بھی غیر آئینی قرار دیا جائے ۔جس پر فاضل عدالت نے وفاقی حکومت، نیپرا و دیگر کو 20جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے تمام فریقین، وزارت اورسرکاری اداروں کے ذمہ دار افسروں کو بھی پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔

متعلقہ عنوان :